او آئی اجلاس تاریخی پیشرفت، سعودی عرب سے براد رانہ تعلقات کی قدر کرتے ہیں: آرمی چیف

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس افغانستان کی سنگین انسانی صورتحال سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انہوں نے یہ بات  کرغزستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران کہی جس میں  باہمی دلچسپی اور علاقائی سلامتی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون اور دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔ دونوں جانب سے خطے میں دیرپا امن اور استحکام کیلئے مل کر کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، افغانستان کی موجودہ صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اسلامی دنیا میں اس کے منفرد مقام کو تسلیم کرتا ہے۔ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے 48ویں اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے آرمی چیف نے اسے امن اور استحکام اور ابھرتے ہوئے چیلنجوں کا حل تلاش کرنے کے سلسلے میں بین الاقوامی برادری کو مشترکہ وژن اور حکمت عملی پر لانے کے لیے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا۔ معزز مہمان نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کاوشوں، علاقائی استحکام میں کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے او آئی سی کی 48ویں وزرائے خارجہ کونسل کی میزبانی پر پاکستان کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا۔ آذربائیجان کے وزیر دفاع کرنل جنرل ذاکر حسنوف نے منگل کو جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف  نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ فریقین نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششوں سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ معزز مہمان نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔ انہوں نے او آئی سی کی 48ویں وزرائے خارجہ کونسل کی میزبانی پر پاکستان کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا۔ 

ای پیپر دی نیشن