لاہور (نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ روز نامہ نوائے وقت نے اپنے اجراء کے بعد 82 سال مکمل کر لئے ہیں جو ادارے کیلئے بہت فخر کا مقام ہے، ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم نے ادارے کی آبیاری کی اور معمار کہلائے، رمیزہ مجیدنظامی کی سربراہ میںادارہ ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہے اور اپنے بنیادی مقصد جو نظریہ پاکستان سے ہم آہنگ ہے کو فروغ دینے کا باعث ہے، میں روز نامہ نوائے وقت اور اس کے کارکنوں کوادارے کی 82 ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتا ہوں۔ ادھر سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے روزنامہ نوائے وقت کی سالگرہ کے موقع پر روزنامہ نوائے وقت کی انتظامیہ اور کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آزادی صحافت اوراظہار رائے کی آزادی کے حق کی حمایت جاری رکھے گی۔ جبکہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے روزنامہ نوائے وقت کی سالگرہ پر نوائے وقت کی انتظامیہ اور کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ادارے کی ترقی کیلئے دعا کی اور روزنامہ نوائے وقت کی انتظامیہ اور کارکنوں کو مبارکباد پیش دی۔ سابق وزیراعظم مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما شاھد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ'' روزنامہ نوائے وقت ''ایک نظریاتی اخبار ہے اور اعلیٰ صحافتی اوصاف کا علمبردار ہے نوائے وقت نے ہمیشہ ''نظر یہ پاکستان'' کا دفاع کیا ہے روزنامہ نوائے وقت کی بیاسویںسالگرہ کے موقع پر مدیر اعلیٰ سمیع تمام ٹیام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ روزنامہ نوائے وقت نظریہ پاکستان اور ملکی سرحدوں کا محافظ رہاہے اور پاکستان آج امت مسلمہ کے اگر بہترین ملکوں میں سے ہے تو اس کی وجہ 23 مارچ کی قرارداد پاکستان ہے جس کی بنیاد پر پاکستان بنا، ہم نوائے وقت کا کردار بھی ہرگز فراموش نہیں کر سکتے جسکی وجہ سے برصغیر پاک و ہند میں دو قومی نظریہ ممکن ہوا۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ جناب مجید نظامی نے جوطرز صحافت متعارف کرایا ہے اس سے نوجوان نسل بھی نظریاتی طور پر مضبوط ہو رہی ہے۔دریں اثنا گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے نوائے وقت کی بیاسویں سالگرہ کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ نوائے وقت اور 23 مارچ ہمارا اثاثہ ہیں۔ 82 برس قبل 23 مارچ کو نوائے وقت کا اجراء کیا گیا اور آج تک نوائے وقت اپنی اساس پر قائم ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نوائے وقت کی 82 ویںسالگرہ کے موقع پرخصوسی پیغام میںکہا کہ نوائے وقت ہمیشہ حق سچ کی بات کرتا ہے۔ نوائے وقت نے کبھی بھی آمریت کو سپورٹ نہیں کیا ، ہمیشہ جمہوریت کی بات کی ہے۔ ادھر سابق وزیر اعظم و سینٹ میں قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام بڑی جدوجہد اور قربانیوں کے بعد عمل میں آیا ھے۔ پاکستان کے قیام میں روزنامہ نوائے وقت کا بھی انمٹ کردار رہا ہے۔ جناب حمید نظامی اور جناب مجید نظامی کی اخبار کے زریعے نظریاتی سرحدوں کی گئی حفاظت قوم ھمیشہ یاد رکھے گی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے روزنامہ نوائے وقت کی 82 ویں سالگرہ پر دیئے گئے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ نوائے وقت پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کا محافظ اخبار ہے جس کی بنیاد 23 مارچ 1940 ء کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی خواہش پر رکھی گئی تھی۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ولولہ انگیز قیادت میں آزادی صحافت کا مکمل تحفظ ہمارا مشن ہے۔ اسلام آباد وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ روزنامہ نوائے وقت نظریہ پاکستان کا رکھوالا ادارہ ہے 23 مارچ 1940 کو نوائے وقت کا آغاز قیام پاکستان کی انتھک کوششوں کا حصہ بنا اور برصغیر کے مسلمانوں کو اپنی آزادی کیلئے طاقتور صحافت میسر آئی، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ جناب حمید نظامی مرحوم نے جس جرات کے ساتھ نوائے وقت کا آغاز کیا اور قیام پاکستان کی جدوجہد میں پیش پیش رہے وہ بہت بڑا کارنامہ تھا۔ علاوہ ازیں روزنامہ نوائے وقت کی 82 ویں سالگرہ کے موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف و وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے خصوصی تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ روزنامہ نوائے وقت اور اس کی پوری ٹیم کو 82 ویں سالگرہ کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں حمید نظامی مرحوم کی جانب سے 23 مارچ 1940ء کو شروع کئے گئے اس روزنامے نے برصغیر کے مسلمانوں کی آواز بن کر تحریکِ آزادی میں نہایت مؤثر کردار ادا کیا۔ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ صحافتی اقتداراورملکی خدمت میں ''نوائے وقت''ہمیشہ ایک قدم آگے رہا ہے نوائے وقت نے بھارت کے مذموم مقاصدکوبے نقاب کرنے اورکشمیریوںپرجاری ظلم وستم کیخلاف بھی ہمیشہ آوازاٹھائی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت کی 82ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ وفاقی وزیر سید امین الحق نے نوائے وقت انتظامیہ بالخصوص رمیزہ مجید نظامی اورتمام صحافی اور غیر صحافی اسٹاف کو ادارے کی سالگرہ پردلی مبارکبادپیش کی۔ دریں اثنا وفاقی وزیرمواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ میں نوائے وقت کو82سال ہونے پرمبارک باد پیش کرتا ہوں جس طرح انہوں نے پاکستان کے عوام اور اداروں کے ایشوز پر نظر رکھی صحافت کی آزادی کے لیے جو ان کی جدو جہد ہے جو کردار ادا کیا عوامی ایشوز کو ہائی لائٹ کرنے میں اسے خرا ج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ادھرپاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سینیٹر اعجاز چودھری نے نوائے وقت کی 82 ویں سالگرہ کے موقع پر کہا ہے کہ نوائے وقت صرف ایک اخبار ہی نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے۔ نوائے وقت واحد اخبار ہے جس نے نظریہ پاکستان کو اجاگر کیا اور اسکی حفاظت کا ذمہ بھی اٹھایا ہے۔ نوائے وقت کے بانی حمید نظامی مرحوم اور معمار صحافت مجید نظامی مرحوم نے ہمیشہ یوم پاکستان 23 مارچ کے حوالے سے قوم کو با خبر رکھا۔ان کا کہنا تھا کہ رمیزہ مجید نظامی (ایم ڈی نوائے وقت ) اور ان کی ٹیم کو نوائے وقت کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔دوسری طرف وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیری مزاری نے کہا ہے کہ نوائے وقت پاکستان کا ایک نظریاتی وقومی اخبار ہے 23 مارچ پاکستانی تاریخ کا اہم ترین دن ہے اور اسی دن نوائے وقت کی سالگرہ بھی ہے، میںنوائے وقت انتظامیہ بالخصوص رمیزہ مجید نظامی اور پورے سٹاف کو82ویں سالگرہ پر دلی مبارک باد پیش کرتی ہوں۔ سی ای او سکائی ونگز عمران اسلم نے کہا ہے کہ روزنامہ نوائے وقت اردو صحافت میں سب سے پرانا اخبار ہے، جس نے پاکستان کی تاریخ میں جرنلزم کی اصل روح کے مطابق ایک آزاد صحافت کی، مشکل ترین حالات میں بھی جب سنسر شپ کی پابندیاں تھیں اس وقت بھی نوائے وقت نے عوام کی آوا ز بلند رکھی، انہوں نے نوائے وقت کی ترقی اور ادارے کی فلاح و بہبود کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا۔