82واں یوم پاکستان آج، او آئی سی وزرائے خارجہ بھی پر یڈ دیکھیں گے

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی+ خبر نگار) 82واں یوم پاکستان آج 23 مارچ کو شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔  ڈائمنڈ جوبلی سالگرہ کا سال ہونے کی وجہ سے 82ویں یوم پاکستان اور پریڈ کو منفرد اور خاص اہمیت حاصل ہے۔  مسلح افواج کی پریڈ میں حسب سابق تینوں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستے پریڈ کا حصہ ہیں۔ آرمرڈ کور، آرٹلری، ایئر ڈیفنس انجنیئرز کے دستے دشمن پر ہیبت طاری کرنے والے سامان حرب کے ساتھ پریڈ میں شامل ہوں گے۔ میزائل، یو اے وی پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع کی علامت کے طور پر پریڈ کا حصہ ہوں گے۔ خاص بات جدید ترین جے ٹین جنگی طیاروں کا فلائی پاسٹ ہے جس کے ساتھ ساتھ ایوی ایشن فلائی پاسٹ بھی ہو گا۔ ایس ایس جی کے کمانڈوز فری فال کا مظاہرہ پیش کریں گے۔  چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے ثقافتی فلوٹس بھی تقریب کو چار چاند لگائیں گے۔ علاوہ ازیں دوست ممالک کے دستے بھی پریڈ کا حصہ ہونگے۔ او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس کے شرکاء کو بھی یوم پاکستان پریڈ میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ او آئی سی کا فلوٹ خصوصی طور پر شامل ہوگا۔ اس سال یوم پاکستان کا تھیم شاد رہے پاکستان ہے۔ یہ دعائیہ تھیم قومی ترانے کا حصہ مرکز یقین شاد باد سے لیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے اس حوالے سے ایک مسحور کن ملی نغمہ بھی جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ قوم اور بابائے قوم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے آئی ایس پی آر نے مختصر دورانیے کے پی ایس ایمز بھی جاری کی ہیں۔ وزیر اعظم  عمران خان نے "یوم پاکستان" کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ تخلیق پاکستان کے حقیقی مقاصد انصاف اور مساوات پر کاربند  رہنے کے ہمارے عزم کی تجدید  کا دن ہے، آج ہم بابائے قوم اور تحریک آزادی کے ان تمام رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے بے مثال قربانیوں کے ذریعے قوم کو متحد کرنے کیلئے جدوجہد کی۔ ہمیں  خود کو  ریاست مدینہ کی طرز پر ملک کو ایک حقیقی فلاحی ریاست بنانے کیلئے وقف کرنا چاہئے۔ اس دن ہمیں بحیثیت قوم درپیش چیلنجوں کا ادراک کرنا چاہئے، کرپشن کے خاتمے  اور اخلاقی معیارات کو بلند کرنے کی جدوجہد کیلئے اسی جذبے کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ  ہمارے آبا و اجداد نے تحریک آزادی کے دوران کیا تھا۔ صدر مملکت  ڈاکٹر عارف علوی نے کہا  ہے کہ یوم پاکستان برصغیر کی تاریخ میں کئی حوالوں سے اہم دن ہے۔  اپنے 3 پیغام میں انہوں نے کہا کہ 1940ء  میں اس دن مسلمانوں نے "جداگانہ انتخاب"  کی بجائے "علیحدہ ریاست"  کا مطالبہ کیا  اور انگریزوں پر یہ واضح کر دیا کہ کانگریس  مسلمانوں کی نمائندہ سیاسی جماعت نہیں اور برصغیر کی تقسیم میں مزید تاخیر نہیں کی جا سکتی۔ ہمارا فرض ہے کہ ہم قوم کیلئے بروقت اور دانشمندانہ سیاسی فیصلے لینے والے بانیوں کو خراج عقیدت پیش کریں۔ زیر قبضہ کشمیر کا بھارت کے ساتھ غیر قانونی الحاق، کشمیریوں کے حق خودارادیت سے انکار، وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، جبری گمشدگیاں، اقلیتوں پر ظلم و ستم، مواصلاتی بندش اور ماورائے عدالت قتل  اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ اگر مسلمان متحدہ بھارت میں ہندو اکثریت کے رحم و کرم پر رہتے تو ان  کا کیا حشر ہوتا۔ پاکستانی قوم کا پولیو اور کرونا پر قابو پانا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کو درپیش تمام چیلنجز پر اجتماعی کوششوں سے قابو پایا جا سکتا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان ایک معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال  بن جائے گا۔ ہمیں اپنے آباؤ اجداد کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے مل کر قومی اتحاد اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ بلاول بھٹو زرداری نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا  آج کا دن آئین کی پاسداری کے عہد سے تجدید اور وطنِ عزیز کے لیئے جانیں قربان کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا قومی دن ہے۔  آج کا دن ہمیں اپنے ان بزرگوں کی بھی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے قراردادِ پاکستان کی شکل میں ایک منزل متعین اور اسے حاصل کرنے کے لیئے جمہوری جدوجہد کا راستہ اختیار کیا تھا۔  پیپلز پارٹی اپنے قیام کے پہلے دن سے آج تک قائداعظم محمد علی جناح کی سوچ اور ویژن پر عمل پیرا ہے،  بینظیر بھٹو نے ملک میں جمہوریت کے لیئے طویل جدوجہد کی، آئین کو اصل شکل میں بحال کیا اور ملک کو میزائیل ٹیکنالاجی کا تحفہ بھی دیا۔ ایک بار پھر ملک کو خطرناک موڑ پر لا کھڑا کردیا گیا ہے، قوم کے سامنے آئین کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی آخری وقت تک لڑے گی، آئین و جمہوریت کا تحفظ کرے گی، اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے جدوجہد کرے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے  مسلح افواج اور سول اداروں کے  افسروں و جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیریوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ صادق سنجرانی نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ تاریخی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل دن ہے جب ہمارے آباؤ اجداد نے قائد اعظم محمد علی جناح کی زیر قیادت اپنی تقدیر بدلنے کا فیصلہ کیا اور ایک علیحدہ ریاست کے قیام کیلئے لائحہ عمل اختیار کیا۔ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہم سب کو مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان امن پسند اور محبت کرنے والا ملک ہے۔ مگر کسی نے ہماری خود مختاری اور علاقائی سلامتی کو چیلنج کیا تو اس کا بھر پور جواب دینے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ افواج پاکستان نے نہ صرف ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ہوا ہے بلکہ عالمی سطح پر دہشت گردی اور امن دشمنوں کے خلاف کارروائیوں میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ زرداری نے کہا آج دفاع مضبوط ہے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...