مریکی ناظم الامور اینجلاپی ایگلر کا دورہ این سی او سی،ڈاکٹرفیصل سلطان سے ملاقات 

Mar 23, 2022

اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار )امریکی سفارتخانے کی ناظم الاْمور اینجلا پی ایگلر نے کووڈ-19 وبا کے دوران پاکستان کی شاندار کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول آپریشن سینٹر ( این سی او سی ) کا دورہ کیا۔تفصیلا ت کے مطا بق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خْصوصی اقدامات اسد عمر اور وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے اْمور صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ساتھ ملاقات میں ناظم الاْمور ایگلر نے این سی او سی کی جانب سے حاصل کی جانے والی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کووڈ-19 وبا  کے سدباب کے لیے امریکہ اور پاکستان کے باہمی اشتراک کو بھی اْجاگر کیا۔اس موقع پر ناظم الاْمور نے صحت سمیت متعدد شعبوں میں جاری مضبوط تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رواں سال پاکستان اپنا  پچھترواں یوم آزادی منا رہا ہے اور  یہ ہماری باہمی شراکت کے قیام کا بھی پچھترواں یوم تاسیس ہے۔ ہمارا یہ دورہ اس مضبوط شراکت کی توثیق ہے جس کو ریاستہائے متحدہ امریکہ نے پندرہ اگست 1947میں پاکستان کوبطور آزاد ملک تسلیم کرنے کے بعد سے جاری رکھا ہوا ہے اور پاکستان میں صحت  کا شعبہ بھی اس شراکت کے ثمرات سے مستفید ہورہا ہے۔گزشتہ دو برسوں کے دوران این سی او سی نے کووڈ-19 وباسے نمٹنے کے لیے حکومتِ پاکستان کی جانب سے اْٹھائے جانے والے  اقدامات  پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے  رابطہ کاری  کے فرائض احسن طریقہ سے نبھائے ہیں۔ پاکستان نے  کووڈ-19 ٹیکوں کی 20کروڑ 91لاکھ خوراکیں  لگائی ہیں اور دس کروڑ سے زیادہ لوگوں  کی ویکسی نیشن مکمل کی جا چْکی  ہے اور قومی سطح پر کورونا کی مثبت شرح  ڈیڑھ فیصد سے بھی کم  ہو گئی ہے ، یہ تمام تر اقدامات نہایت ہی  قابل تحسین ہیں۔ پاکستان کے ساتھ شراکت میں امریکہ نے  پانچ کروڑ ستر لاکھ کووڈ-19 ویکسین عطیہ کی ہیں، جبکہ سات کروڑ  ڈالر کووڈ-19 وبا کے دوران   بطور براہ راست  معاونت فراہم کیے ہیں اور نوے لاکھ ڈالر مالیت کی اشیاء فراہم کی ہیں جن میں دو سو وینٹی لیٹر، بارہ لاکھ سے زیادہ این نائنٹی فائیو ماسک، دس لاکھ فوری کورونا تشخیصی ٹیسٹ اور بارہ سو نبض کی جانچ کے میٹر شامل ہیں۔

مزیدخبریں