23مارچ عزم،قربانی اور طویل جدوجہد کی علامت ہے: ائیر چیف

Mar 23, 2022

ملتان ( سٹاف رپورٹر) ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابرسدھو، نشانِ امتیاز (ملٹری) نے یومِ پاکستان پر اپنے پیغام میں تمام اہلیانِ پاکستان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ۲۳مارچ پاکستان کی شاندار تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ اس روز مسلمانان ِبرصغیر نے پہلی بارباضابطہ طورپر ایک علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا۔ اپنے اتحاد اور مضبوط قوتِ ارادی کی بدولت انہوں  نے قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیزقیادت میں بالآخر پاکستان کے حصول کا خواب شرمندہ تعبیر کیا۔ بلاشبہ،یوم ِ پاکستان ہمارے آباو اجداد کی آزادی کے لئے عزم،قربانی اور طویل جدوجہد کی یاد اور علامت ہے۔ انھوں نے کہا کی میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاک فضائیہ تمام شعبوں میں اپنی صلاحیت بڑھانے میں مسلسل کوشاں ہے۔ ہماری بنیادی توجہ دوست ممالک کے ساتھ باہمی تعاون اور خودانحصاری کے ذریعے جدت کا حصول ہے۔اس سلسلے میںپاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی جیسے سٹینڈ آف ویپنز،پریسڑن میونشن،الیکٹرونک وارفیئر،اَن مینڈ ایرئیل سسٹمز اور ارٹیفیشل انٹیلی جنس کے حصول کے لئے سرگرم عمل ہے۔الحمدللہ! ہم نے سپیس اور سائبر کے شعبوں میں جدیدنان کنٹیکٹ وارفیئر کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی استعداد بڑھانے میں نمایاں ترقی حاصل کی ہے۔ان جدیدٹیکنالوجیز کاانضمام اعلیٰ تربیت اور افرادی قوت میں بہتری کے ذریعے ممکن ہے۔مجھے یقین ہے کہ ہماری یہ کاوشیں مستقبل میں سودمند ثابت ہوں گی۔ اس تاریخی موقع پر ہم کشمیری بھائیوں کی حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ آئیے ہم اللہ کے احسان کی خاطر اس کے حضور عاجزی کے ساتھ سر بسجود ہوں تاکہ وہ ہمیں پاکستان کی آزاد نیلگوں فضاوں کا محافظ بننے کی قوت اوررہنمائی عطا فرمائے۔

مزیدخبریں