لاہور (نیوز رپورٹر ) پنجاب فوڈ اتھارٹی کے چھاپہ کے دوران جعلی شربت بنانے والا پروڈکشن یونٹ پکڑا گیا۔ اتھارٹی کے مطابق تاج پورہ لاہور میں معروف برانڈ کا لال شربت بنانے والے یونٹ کے بارے میں اطلاع پر چھاپہ مارا گیا ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ نے بتایا کہ کارروائی کے دروان 900 لیٹرتیار محلول ،1550 خالی بوتلیں،125لیٹر گلوکوز سیرپ، ممنوعہ کیمیکلز،جعلی لیبلنگ اور مشینری برآمد کرلی گئی ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ممنوعہ کیمیکلز اور مصنوعی فلیورزسے تیار کردہ محلول کی اصل برانڈز کی لیبلنگ کی جارہی تھی۔ رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ پروڈکشن یونٹ میں معروف برانڈز کی جعلی کاربونیٹیڈ ڈرنکس اور جوسز بھی تیار کیے جارہے تھے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید کہا کہ غیر معیاری سٹوریج،حشرات کی موجودگی،گندگی اور ماحول بھی بدبودار پایا گیا۔