لاہور(بزنس رپورٹر) بی او پی نیشنل ڈیف ٹی ٹونٹی کرکٹ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب گزشتہ روزپنجاب یونیورسٹی گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ جس کا افتتاح بی او پی کے صدر اور سی ای او ظفر مسعود نے کیا۔ تقریب میں پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر عرفان معراج اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بی او پی صدر اور سی ای او ظفر مسعود نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کو سپانسر کرنا نہ صرف ہمارے عزم کا اظہار ہے بلکہ برابری کی بنیاد پر مواقع فراہم کرنا بھی ہے جو ہمارے برینڈ کی کاپوریٹ ویلیوز اور بنیادی اُصول ہے۔ اپنے اسی اُصول کو مدنظر رکھتے ہوئے اور سٹیٹ بنک کی ہدایات پر معذور افراد کی زندگی میں آسانیاں لانے کیلئے بی او پی ملک گیر سطح پر خصوصی برانچوں کا نیٹ ورک قائم کر رہا ہے۔ یہ برانچیں خصوصی طور پر معذور افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کی جائیں گی اور ان میں خصوصی سہولیات ہوں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بی او پی نیشنل ڈیف ٹی ٹونٹی کرکٹ چیمپئن شپ کو سپانسر کر کے سماعت سے محروم کمیونٹی کے اراکین کی فعالیت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ 21 تا 26 مارچ جاری رہے گا۔ جس میں سماعت سے محروم کرکٹرز کی 18 ٹیمیں شامل ہوں گی۔ اس حوالے سے اختتامی تقریب علیم ڈار اکیڈمی میں 26 مارچ کو منعقد ہو گی۔