کرتارپور: 75 سال پہلے بچھڑنے والے 4 دوست مل گئے‘ جذباتی  مناظر 

Mar 23, 2022

شکرگڑھ (نامہ نگار) امن کی راہداری کرتار پور ملن کی راہداری بن گئی۔ 75 سال پہلے تقسیم کے وقت بچھڑے حاکم علی اور جمیل احمد  بھارتی گرمیل سنگھ  اور لشمن سنگھ کرتار پور میں مل گئے۔ اس موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ کرتار پور راہداری میں بچھڑے خاندانوں اور بچپن کے دوستوں کے ملاپ کا سلسلہ جاری ہے۔ آج بھی کرتار پور میں بھارت کے علاقے فرید کوٹ سے آئے گرمیل سنگھ اور لشمن سنگھ کی پاکستان کے ضلع وہاڑی سے آئے حاکم علی اور جمیل احمد سے جذباتی ملاقات ہوئی۔ 117 سالہ حاکم علی اور 95 سالہ جمیل احمد 1947 میں بھارت کے شہر فرید کوٹ سے ہجرت کرکے پاکستان آبسے۔   کرتار پور راہداری کھلنے کے بعد ان کے بھارت میں رہ جانے والے بچپن کے دوستوں گرمیل سنگھ اور لشمن سنگھ نے ان کی تلاش شروع کی۔ آخر کار رابطہ ہو گیا اور چاروں دوست آج کرتار پور میں مل گئے۔  ضعیف ہوچکے حاکم علی اور جمیل احمد ویل چیئر پر اپنے بچھڑے دوستوں سے ملنے کرتار پور پہنچے۔ چاروں دوستوں کی ملاقات انتہائی جذباتی ماحول میں ہوئی خوشی چہروں پر نظر آ رہی تھی کرتار پور انتظامیہ نے ان کا بھرپور استقبال کیا تحائف پیش کیئے۔ بھارت سے آئے مہمانوں نے اس موقع پر کرتار پور انتظامیہ اور حکومت پاکستان کا بھرپور شکریہ ادا کیا۔
کرتار پور

مزیدخبریں