لاہور(اپنے نامہ نگار سے)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رسال حسن سید نے موسم سرما میں گیس بحران کے ذمہ داران کیخلاف کارروائی کیلئے دائر درخواست پر 8 اپریل تک وفاقی حکومت کے وکیل کوجواب داخل کرنے کی مہلت دیدی۔ سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اوگرا اور انسانی حقوق وزارت سے جواب آنا ہے۔ عدالتی حکم سے متعلقہ اداروں کو خط کے ذریعے آگاہ کردوں گا، فرحت منظور چانڈیو نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ موسم سرما کے آتے ہی عوام کی گیس کی سہولت سے محروم کردیا جاتا ہے،عوامی کوگیس جیسی سہولت سے محروم رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ گیس روزمرہ زند گی کی اہم ترین ضروریات میں شامل ہے۔ گیس کے بغیر کھانا پینا جیسے دیگر اہم گھریلو معاملات انجام دینا ممکن نہیں۔ آئین میں ریاست کا عوام سے ماں جیسا برتاو ہوتا ہے مگر یہاں فقط زبانی دعوؤں کی حد تک ہے۔ افسران کی نااہلی کا خمیازہ عوام کوبھگتنا پڑ رہا ہے اگر گیس کے بحران سے متعلق بروقت کارروائی کی جاتی تو گیس بحران پیدا نا ہوتا۔ استدعا ہے کہ عدالت ذمہ دارافسروں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دے۔