عرس قلندرؒ کیلئے تعینات سیکیورٹی اہلکاروں سے بدسلوکی

Mar 23, 2022

کوٹری(نامہ نگار)لعل شہباز قلندر کے سالانہ عرس کے موقع پر سیکورٹی پر مامور پولیس اہلکار رل گئے۔جامشورو پولیس کو ملنے والا کروڑوں روپے کا بجٹ کاغذوں میں  خرچ ہونے لگا۔پولیس اہلکاروں کو کھانا پینے کے نام پر نذر نیاز دیئے جانے کا انکشاف۔دیگر اضلاع سے آئے سینکڑوں اہلکار کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور۔پولیس اہلکاروں کی وڈیو وائرل ہوگئی۔ڈی آئی جی حیدرآباد نے بھی چپ سادھ لی۔تفصیلات کے مطابق لعل شہباز قلندر کے سالانہ عرس کے موقع پر جامشورو پولیس کو ملنے والا کروڑوں روپے کا بجٹ کاغذوں میں  خرچ ہونے لگا ہے عرس کے موقع پر سیکورٹی پر مامور 4ہزار سے زائد اہلکار رل گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق درگاہ سمیت دیگر مقامات پر تعینات اہلکاروں کو کھانے پینے کے نام پر نذر نیاز دی جانے لگی ہے جس میں درگاہ اور اسکے اطراف میں قائم سبیلوں اور لنگر خانوں سے پولیس اہلکاروں کو پانی اور کھانا دیا جارہا ہے جبکہ جامشورو پولیس کو عرس سے قبل ہی پولیس اہلکاروں کیلئے کھانا پینے اور ٹرانسپورٹ کیلئے کروڑوں روپے کا بجٹ مہیا کیا گیا تھا جسے جامشورو پولیس نے ٹھکانے لگانے کیلئے جامع حکمت عملی تیار کرکے  بوگس بلز کی تیاری کرلی ہے۔ایس ایس پی جامشورو کی جانب سے دیگر اضلاع سے آئے اہلکاروں کو کھلے آسمان تلے ٹینٹ لگاکر  رہنے کی جگہ دی گئی ہے جس پر پولیس اہلکاروں نے وڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی ہے۔ واضح رہے  کہ انچارجز کو اہلکاروں کو کھانا  اور پینے کا پانی سمیت رہائش مہیا کرنے کو کہا گیا تھا درگاہ کے اطراف لنگر خانوں اور سبیلوں سے پولیس اہلکاروں کو کھانا اور پانی لیکر مہیا کیا جارہا ہے جبکہ رہائش کیلئے بھی کھلے آسمان تلے ٹینٹ لگا کر پولیس اہلکاروں کو رہنے کیلئے جگہ دی گئی ہے۔اس سلسلے میں بار بار رابطہ کرنے پر بھی ایس ایس پی جامشورو نے کال موصول نہیں کی۔
اہلکاروں سے بدسلوکی

مزیدخبریں