سعودی عرب‘ حاملہ بیوی کے قاتل شہری کا سرقلم کر دیا گیا 

مجرم نے حاملہ بیوی خاتم محمدالبوصیری پرچاقو کے متعدد وار کرنے سے اس کے شکم میں پرورش پانے والا بچہ بھی ہلاک ہوگیا تھا

سعودی عرب میں اپنی بیوی اوراس کے پیٹ میں ان جنے بچے کے قتل کے جرم میں سزائے موت پانے والے ایک مجرم کا سرقلم کردیا گیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجرم عبداللہ بن زبین بن موصل المطیری مملکت کا شہری تھا۔اس نے اپنی حاملہ بیوی خاتم محمدالبوصیری پرچاقو کے متعدد وار کیے تھے جس سے اس کے شکم میں پرورش پانے والا بچہ بھی ہلاک ہوگیا تھا۔المطیری نے اپنی گرفتاری کے بعد یہ تمام تفصیل اپنے اعترافی بیان میں بتائی تھی۔یہ جوڑا ضلع عنیزہ میں رہتا تھا جو دارالحکومت ریاض کے شمال میں صوبہ القصیم میں واقع ہے۔حکام نے المطیری کو منگل کے روز موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔قبل ازیں سات مارچ کو ایس پی اے نے اطلاع دی تھی کہ ایک خاتون کے قتل اورعصمت دری کے جرم میں انڈونیشیاسے تعلق رکھنے والے دومردوں کے سرقلم کردیے گئے ہیں۔اسی دن دو سعودی شہریوں کو بھی قتل کے جرم میں تہ تیغ کیا گیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن