لاہور: آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 268 رنز پر آؤٹ ہوگئی، کینگروز کو پہلی اننگزمیں 123 رنزکی برتری حاصل ہوگئی ہے۔قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں آسٹریلیا کے 391 رنز کے جواب میں قومی ٹیم 268 رنزپرآؤٹ ہوگئی اور اب آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔اس سے قبل میچ کے دوسرے دن آسٹریلیا کی ٹیم 391 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں قومی ٹیم نے میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 90 رنز بنائے تھے، آج تیسرے دن قومی ٹیم کے بلے باز 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 178 رنز کا اضافہ کرسکے۔ مہمان ٹیم کو پاکستان کے خلاف پہلی اننگزمیں 123 رنزکی برتری حاصل ہوگئی ہے۔پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق نے 81، اظہر علی نے 78 اور کپتان بابراعظم نے 67 رنز بنائے، ان کے علاوہ فوادعالم 13، امام الحق11 اور ساجد خان 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، محمد رضوان ایک رن بنا سکے جب کہ نعمان علی،حسن علی اور نسیم شاہ صفر پرپویلین لوٹ گئے۔آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز نے 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ مچل اسٹارک نے 4 اور نیتھن لائن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔قبل ازیں اپنی پہلی اننگز میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن نسیم شاہ اور شاہین کی جارحانہ بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی تھی۔آسٹریلوی ٹیم 391 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی تھی، پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور شاہین آفریدی نے 4 ، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جب کہ نعمان علی اور ساجد خان ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے تھے۔