مستحکم پاکستان تحریک آزادی کی کامیابی کا ضامن:حریت کانفرنس

Mar 23, 2023


اسلام آباد‘ سرینگر (اے پی پی + کے پی آئی) بھارت کے غیر قانونی  زیر  تسلط  جموں و کشمیر  کے  سرینگر، اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں آج مسلسل پانچویں روز پاکستانی پرچم لہرائے  اورپوسٹر چسپاں کئے گئے جن میں پاکستانی عوام اور حکومت کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی گئی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ علاقے میں 23مارچ کو یوم پاکستان منانے کے لیے پاکستانی پرچم لہرائے گئے اور پوسٹرچسپاں کیے گئے ہیں۔ پوسٹروں میں پاکستانی پرچم اورپاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی تصاویر لگی ہیں۔  کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور تنظیموں نے آج منائے جانے والے یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی عوام اور حکومت کو مبارکباد دی ہے۔ جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور تنظیموں نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں 23مارچ 1940کو منظور کی گئی قرارداد پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان میں امن و خوشحالی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا ضامن ہے۔ جبکہ حریت آزادکشمیرکے رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی واحد امید اور پناہ گاہ ہے لہذ کشمیرکے بارے میںپاک فوج کے سربراہ کا تازہ ترین اوردوٹوک بیان بروقت اور دل کو چھولینے والا ہے۔ دوسری جانب بھارتی فورسز مقبوضہ جموں وکشمیر کے رام گڑھ سیکٹر میں کسی مشتبہ چیز کو غیر ملکی ڈرورن سمجھ کر ہوا میں اڑتے دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی ہے۔ حکام نے دعوی کیا ہے کہ   رام گڑھ سیکٹر کے چھملیال بارڈر پوسٹ کے نزدیک  پاکستانی ڈرون دیکھا گیا جس پر فائرنگ کی گئی تاہم  واپس چلا گیا۔ اس واقعے کے بعد بھارتی فورسز نے   رام گڑھ سیکٹر  کے کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔

مزیدخبریں