چیئرمین پی ایس سی کی ملاقات، میرٹ کو یقینی بنا کر اداروں کو مستحکم کر سکتے ہیں: گورنر 

Mar 23, 2023


لاہور (نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے چیئر مین پبلک سروس کمشن لیفٹیننٹ جنرل(ر) ملک ظفر اقبال نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنا کر ہی ہم اداروں کو مستحکم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کا حل گڈ گورننس میں ہے اور ہمیں اقربا پروری اور سفارش کلچر کی حوصلہ شکنی کر کے ملک میں میرٹ کو فروغ دینا ہے۔ دریں اثنا،گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے گزشتہ رات وزیرستان کے علاقے انگور اڈا کے قریب دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے بریگیڈیئر مصطفی کمال برکی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہید بریگیڈیئر مصطفی کمال کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہید کی بلندی درجات کے لئے دعا کی۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے 23 مارچ (یوم پاکستان) کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم پاکستان کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب اچھے کام کے لئے مصمم ارادہ کر لیا جائے اور محنت اور لگن سے اسے حاصل کرنے کی جستجو کی جائے تو کچھ بھی ناممکن نہیں۔ اب ہمیں اس عظیم جدوجہداور قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیے جانے والے ملک کو عظیم تر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے پانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پانی کرہ ارض پر پائے جانے والے انسانوں، جانوروں اور نباتات کی بقا کا اہم ترین جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن عوام میں یہ آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے کہ پانی کے ضیاع سے گریز کریں۔ 

مزیدخبریں