اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مالی سال 23-2022 کے پہلے آٹھ ماہ (جولائی تا فروری)کے دوران پاکستان کا تجارتی خسارہ 32 فیصد کمی کے ساتھ 21 ارب 44 کروڑ ڈالر کی سطح پرآگیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 23-2022 کے پہلے آٹھ ماہ (جولائی تا فروری) کے دوران ملکی برآمدات 18 ارب 67 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہیں جبکہ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 20 ارب 57 کروڑ 30لاکھ ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔ اس طرح آٹھ ماہ کے دوران برآمدات میں 9.21فیصد کی کمی آئی۔ اعدادوشمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ جولائی تا فروری کے دوران پاکستان نے مجموعی طور پر 40 ارب 11 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی درآمدات کیں جو مالی سال22-2021 کی زیرتبصرہ مدت کے دوران کی جانے والی برآمدات سے 23.51 فیصد کم ہیں۔ گزشتہ مالی سال جولائی تا فروری کے عرصے میں درآمداتی حجم 52 ارب 45 کروڑ 20لاکھ ڈالر رہا تھا۔ اس لحاظ سے مالی سال 23-2022 کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران مجموعی تجارتی خسارہ 21ارب 44 کروڑ ڈالر رہا۔ گزشتہ مالی سال میں زیرتبصرہ مدت کے دوران تجارتی خسارہ 31 ارب 87 کروڑ 90لاکھ ڈالر رہا تھا۔
رواں مالی سال کے 8 ماہ، تجارتی خسارہ 32 فیصد کم ہو گیا: ادارہ شماریات
Mar 23, 2023