لاہور (نوائے وقت رپورٹ) چودھری وجاہت کے وکیل نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے چودھری شجاعت حسین کو مسلم لیگ ق کا صدر ڈکلیئر کرنے کا الیکشن کمشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے دس روز میں الیکشن کمیشن کو از سر نو مسلم لیگ ق کے الیکشن کے کاغذات کا جائزہ لینے کے بعد سفارشات مرتب کرنے کا حکم دیا ہے۔ سماعت کے بعد چودھری وجاہت حسین کے وکیل عامر سعید راں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے الیکشن کمشن کے وکیل پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہ تاثر نہ دیں کہ آپ سیاسی جماعت کے وکیل ہے آپ الیکشن کمشن کے وکیل ہیں۔ عامر سعید راں نے کہا کہ مسلم لیگ کا انٹرا پارٹی الیکشن ہوا جس میں چودھری وجاہت حسین کو پارٹی صدر منتخب کیا گیا۔ الیکشن کے تمام تر کاغذات الیکشن کمشن میں جمع کرائے گئے مگر الیکشن کمشن نے ان کی جانچ پڑتال کئے بغیر ہی ان کو مسترد کر دیا اور چودھری شجاعت حسین کو مسلم لیگ ق کا صدر ہونے کا اعلان کر دیا جو کہ آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔