عمران پر پابندی لگی تو عالمی تعاون کم  ہو جائیگا: زلمے خلیل‘ یہودی لابی چیلہ بچانے  آگئی : مریم اورنگ زیب

Mar 23, 2023

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) امریکا کے سابق سفیر زلمے خلیل زاد  نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ آنے والے دنوں میں پی ٹی آئی پر پابندی لگنے والی ہے، ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ پارلیمنٹ سپریم کورٹ سے عمران خان کو نا اہل قرار دلوانے کا مطالبہ کرے گی۔ زلمے خلیل زاد نے کہا کہ آئی ایم ایف کی حمایت تاحال مشکوک ہے۔  اگر حکمران اتحاد نے کوئی ایسے اقدامات کیے تو پاکستان کیلئے عالمی تعاون کم ہو جائے گا۔ سابق امریکی سفیر نے سیاسی تقسیم اور تشدد بڑھنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی سیاسی رہنما قومی مفاد کو نقصان پہچانے والی تباہ کن سیاست سے آگے کا سوچیں گے۔ اگر ایسا نہیں ہوتا تو مجھے امید ہے سپریم کورٹ ایسے کھیل میں استعمال ہونے سے انکار کر دے گی۔ زلمے خلیل زاد نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں میری تشویش بڑھتی جارہی ہے۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان و پاکستان زلمے خلیل زاد کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ممنوعہ فنڈنگ کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان و پاکستان زلمے خلیل زاد کے بیان کی مذمت کی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ امریکی سازش، امپورٹڈ رجیم کی اصلیت سامنے آ گئی ہے اور جیوش لابی اپنا اسٹوج بچانے کے لئے سامنے آ چکی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ممنوعہ فنڈنگ کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہو گیا ہے، فارن ایجنٹ کون ہے، ثابت ہو گیا۔ ن لیگی رہنما نے پی ٹی آئی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی کٹھ پتلی نے 4 سال انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں کیں، آپ کا سٹوج پاکستان میں مالیاتی، سیاسی اور سفارتی تباہی کا ذمہ دار ہے، بین الاقوامی لابیئسٹ پاکستان میں خانہ جنگی کیلئے متحرک ہو گئے ہیں۔ 

مزیدخبریں