سیل پوائنٹس کے اچانک دورے،تمام اہل شہریوں کو مفت آٹا ملنا چاہیے:محس نقوی

Mar 23, 2023


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عوام کو مفت آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے لاہور کے مختلف سیل پوائنٹس کے اچانک دورے کئے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے وحدت روڈ اور ٹمپل روڈ پر مفت آٹے کے سیل پوائنٹس کے دور ے کئے۔ خواتین نے مفت آٹے کیلئے ایک یا دو روز بعد آنے اور آٹا دیئے بغیر واپس بھجوانے کے حوالے سے شکایات کیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی وحدت روڈ کے سیل پوائنٹ کے باہر موجود خواتین کو تصدیقی کاو¿نٹر پر لے کر آئے اور تمام پراسیس اپنے سامنے مکمل کرایا۔ شہریوں نے موبائل پر اہلیت کا پیغام موصول ہونے کے باوجود شناختی کارڈ کی تصدیق نہ ہونے کی شکایات کیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اپنی نگرانی میں شناختی کارڈز سکین کرائے اور عملے کو پراسیس جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شہریوں کے مسائل سنے اور حل کے لئے اپنے سٹاف کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سیل پوائنٹس پر شہریوں کے لئے ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ شناختی کارڈز کی تصدیق کے مسئلے کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور نادرا کی مدد سے حل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیل پوائنٹ پر آنے والے تمام اہل شہریوں کو مفت آٹا ملنا چاہئے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے وحدت روڈ کے سیل پوائنٹ پر لائٹس کا انتظام بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی گلشن راوی میں اینٹ لگا کر ریاض منصور ٹرسٹ ہسپتال کے سرجیکل ٹاورکے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ریاض منصور ٹرسٹ ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تھیلے سیمیا اور ہیموفیلیا کے مرض میں مبتلا بچوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریاض منصور ٹرسٹ ہسپتال دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت ایک عبادت سے کم نہیں۔ جبکہ حکومت پنجاب نے رمضان پیکیج کے تحت پنجاب بھر میں دیئے جانے والے فری آٹا کے اعدادو شمار جاری کر دیئے ہیں۔ جس کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے گذشتہ روز تک 10کلو آٹے کے 28لاکھ 63ہزار 8سو 48بیگ شہریوں میں فری تقسیم کئے گئے۔ حکومت پنجاب کی فری آٹا سکیم کیلئے 830فلور ملز کو اب تک 53ہزار 6سو 91میٹرک ٹن گندم کا کوٹہ جاری کیا جس پر فلور ملز کی جانب سے 10کلو آٹے کے 32لاکھ 33ہزار 7سو 27تھیلے تیارکرکے مخصوص ٹرکنگ پوائنٹس اور سٹورز کو فراہم کئے گئے جو ایک شفاف نظام کے تحت مستحق شہریوں کو مفت فراہم کئے گئے۔
محسن نقوی

مزیدخبریں