بریگیڈیئر مصطفی کمال  برکی کی نمازجنازہ میں صدر‘ وزیراعظم  آرمی چیف‘  جنرل ساحر، ڈی جی آئی ایس آئی کی شرکت


اسلام آباد‘ راولپنڈی (خبر نگار خصوصی+خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) شہید بریگیڈیئر مصطفی کمال برکی پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آرمی قبرستان میںسپردخاک کر دیا گیا۔  نمازجنازہ ریس کورس راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ وہ انگور اڈا میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہو گئے تھے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی‘ وزیراعظم شہباز شریف‘ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا‘ آرمی چیف جنرل عاصم منیر‘ ڈی جی آئی ایس آئی اور دیگر عسکری حکام نے نمازجنازہ میں شرکت کی۔ ادھر ڈیرہ اسماعیل خان آپریشن میں شہید ہونے والے حوالدار اظہر اقبال‘ نائیک محمد اسد اور سپاہی عیسیٰ کی بھی تدفین  ان کے آبائی  علاقوں میں فوجی اعزازات کے ساتھ  کر دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ اور تدفین میں پاک فوج کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسروں‘ جوانوں‘ شہیدوں کے اہل خانہ اور رشتہ داروں اور معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مسلح افواج اور انٹیلی جنس ایجنسیاں دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے مصطفیٰ کمال برکی کو خراج عقیدت پیش کرتے کہا ان جیسے دھرتی کے بہادر سپوتوں کی وطن کیلئے قربانیاں رائیگاں نہیں جائیگی۔

ای پیپر دی نیشن