لاہور (نیوز رپورٹر+خصوصی نامہ نگار) چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں کی غلط پالیسیوں سے دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ پرویز الہٰی سے راجہ بشارت اور میاں محمود الرشید نے ملاقات کی۔ مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور میں ملک معاشی ترقی کر رہا تھا، شہباز شریف اینڈ کمپنی نے ترقی کا سفر روک دیا، تمام پابندیوں کے باوجود عمران خان کی مقبولیت عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کا دعویٰ کرنے والوں نے آج تک کچھ نہیں کیا، آئی ایم ایف کی ترلے منتیں بھی کسی کام نہیں آ رہیں، پاکستان کی تاریخ میں پہلا رمضان ہے جس میں عوام کو سحر اور افطار کے لالے پڑے ہوئے ہیں، مہنگائی، بے روزگاری میں اضافہ اور مفت آٹے کے حصول کیلئے قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور رانا ثناءاللہ معزز عدلیہ اور ججز کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ تحریک انصاف کو الیکشن مہم سے روکنے کیلئے کارکنوں اور رہنما¶ں کی گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔ نااہل حکمران جو مرضی کر لیں عوام انہیں الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے۔ حالات کیسے بھی ہوں کرپٹ مافیا کے خلاف باہر نکلنا ہوگا۔ آئینی اور سیاسی حقوق کو پامال نہیں ہونے دیں گے۔
نااہل حکمرانوں کی پالیسیوں سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی: پرویز الٰہی
Mar 23, 2023