اسلام آباد (خصوصی رپورٹر ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے جوڈیشل کمپلکس توڑ پھوڑ ، جلائو گھیرئو اور پولیس پر پتھرائو کرنے کے الزام میں سابق رکن اسمبلی امجد خان نیازی سمیت 60 گرفتار ملزمان کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو جمعہ کو سنایا جائے گا ۔ گزشتہ روز ملزمان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی تو ملزمان کی جانب سے وکیل بابر اعوان ایڈووکیٹ ،چوہدری خالد یوسف و دیگر عدالت میں پیش ہوئے ، وکلائ نے کہا کہ مقدمہ سوچے سمجھے منصوبے کہ تحت درج کیا گیا ، دہشت گردی کی دفعہ لگانے کا کوئی اطلاق نہیں بنتا ، پراسیکوٹر کی جانب سے درخواست ضمانتوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا گیا کہ عدالت عالیہ کے حکم پر سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے ، پی ٹی آئی کارکنان نے قانون ہاتھ میں لیا اور جلائو گھیرائو شروع کر دیا ۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو جمعہ کو سنایا جائے گا۔