سحر و افطار کے دوران گیس کی بلاتعطل فراہمی جاری رہے گی


کراچی(کامرس رپورٹر)سوئی سدرن گیس کمپنی نے ماہ رمضان کے دوران شہر میں صبح آٹھ بجے سے دوپہر ڈھائی بجے تک ساڑھے چھ گھنٹے کی گیس لوڈ شیڈنگ کا اعلان کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے دوران شہریوںکو گیس کی فراہمی کے حوالے سے ایس ایس جی سی حکام کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا ،اجلاس کے بعد ایس ایس جی سی نے ماہ رمضان میںگیس کی فراہمی کا لوڈ شیڈنگ جاری کرتے ہوئے شہر میںیومیہ ساڑھے چھ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کو شیڈول جاری کردیا،ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق گیس لوڈ شیڈنگ کے شیڈول میں اس بات کا خیال رکھا گیا ہے کہ سحر اور افطار کے اوقات میں شہریوںکو گیس کی فراہمی جاری رہے،نئے شیڈول کے مطابق رمضان المبارک میں شہر میں صبح ساڑھے 8 بجے سے دوپہر ڈھائی بجے تک گیس نہیں ملے گی،ترجمان کے مطابق گیس کی طلب و رسد میں واضح کمی کے باعث یہ اقدام اٹھایا گیا ہے ،تاہم دوسری جانب شہریوں نے رمضان المبارک میں ایس ایس جی سی کے نئے شیڈول کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے شیڈول سے اسکول جانے والے بچے ،بزرگوں اور بیماروں کو شدید پریشانی ہوگی،شہریوںکا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں بچے اسکولوں سے جلد واپس آتے ہیں تو ان کو کھانا کیسے دیں گے ،گھروں میں بزرگ اور بیمار لوگ ہوتے ہیں، ان کے لئے کھانے کی فراہمی کیسے ممکن ہوسکے گی،شہریوںنے ایس ایس جی سی حکام سے یہ سوال بھی کیا کہ جب رمضان المبارک میں گھروں میں دن کے اوقات میں گیس کی طلب کم ہوگئی تو گیس کیوں بند کی جارہی ہے ۔

ای پیپر دی نیشن