یومِ پاکستان کے موقع پر لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی۔مزارِ اقبال پر پاک فضائیہ کے چاک چوبند دستے نے حفاظتی ذمے داریاں سنبھال لیں۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل سید عمران ماجد علی تھے۔اس حوالے سے پاک فضائیہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے تمام بیسز اور تنصیبات پر یومِ پاکستان روایتی جوش وجذبے سے منایا جا رہا ہے۔ ترجمان نے بتایا ہے کہ تقریبات کا آغاز نماز فجر کے بعد پاکستان اور عالمِ اسلام کی یک جہتی، ترقی اور خوش حالی کی خصوصی دعاؤں سے ہوا، عظیم شاعر، فلسفی علامہ اقبال کے مزار پر پھولوں کی چادر رکھی گئی۔پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے مزارِ اقبال پر ستلج رینجرز کی جگہ گارڈ ڈیوٹیز سنبھالیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایئر وائس مارشل عمران ماجد، ایئر افسر کمانڈنگ، پی اےایف ایئر مین اکیڈمی کورنگی کریک نے مزارِ اقبال پر حاضری دی، جہاں پر پھولوں کی چادر رکھنے کے بعد فاتحہ خوانی کی گئی۔ واضح رہے کہ یومِ پاکستان آج ملک بھر میں ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔آج سے 83 سال پہلے قوم نے اپنے آپ سے جو وعدہ کیا تھا، آج اس کی تجدید کا دن ہے۔اسلام آباد میں آج دن کا آغاز 31 توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔