اسلام آباد(خبرنگار)ملک کے پانچ اضلاع سے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔قومی ادارہ صحت میں قائم انسداد پولیو لیبارٹری کے مطابق 4سے 5 مارچ کے درمیان کراچی کیماڑی سے لئے گئے دو ماحولیاتی نمونوں اور حیدرآباد، ملتان، کوئٹہ اور فیصل آباد سے لئے گئے سیوریج کے پانی کے ایک ایک نمونے میں پولیو وائرس پایا گیا ہے ان نمونوں میں پائے جانے والے وائرس کا تعلق پولیو وائرس کے جینیاتی کلسٹر وائے بی تھری اے سے ہے، جو 2021 میں پاکستان سے ختم ہوگیا تھا، افغانستان میں رہا، اور جنوری 2023 میں سرحد پار سے ایک بار پھر پاکستان میں آگیا۔وفاقی سیکرٹری صحت افتخار علی شلوانی نے کہا پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے جو بچوں کو عمر بھر کے لئے معذور کر سکتی ہے،اس سے بچنے کا واحد طریقہ بچوں کو پولیو سے بچا کے قطروں کی متعدد خوراکیں پلانا ہے۔