پشاور(آئی این پی ) خیبر پی کیحکومت ایشیائی ترقیاتی بینک کی 282 ارب روپے سے زیادہ کی مقروض ہے۔ دستاویز کے مطابق صوبائی حکومت نے ایشیائی ترقیاتی بینک سے 282 ارب 28کروڑ 20 لاکھ روپے کا قرضہ حاصل کیا جس میں بی آر ٹی سمیت 10 منصوبوں کیلئے 138 ارب 38 کروڑ 80 لاکھ روپے کا قرضہ لیا گیا جب کہ توانائی کے منصوبوں کیلئے 53 ارب 29 کروڑ 80 لاکھ روپے کا قرض لیا گیا۔ دستاویز کے مطابق آبپاشی کے منصوبوں کیلئے 21 ارب 67 کروڑ 70 لاکھ روپے کا قرضہ لیاگیا، علاقائی ترقیاتی منصوبوں کیلئے 14 ارب 23کروڑ 50 لاکھ روپے لیے گئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ خیبر پی کے مزمل اسلم نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت ایشیائی ترقیاتی بینک کی 309 ارب روپے کی مقروض ہے، یہ قرضے 31 دسمبر 2023 تک کے ہیں، ان قرضوں کا مقصد اہم منصوبوں کی مالی اعانت ہے، قرضے 20 سے25 سال کے طویل مدتی اور رعایتی ہیں، یہ قرضےآئندہ 5 سال میں صوبائی حکومت کو مل جائیں گے۔