اسلام آباد میں مساجد و امام بارگاہوں سے متنازعہ تقریر نہیں ہو گی‘ تمام کمیٹیاں کالعدم

Mar 23, 2024

اسلام آباد(وقائع نگار) اسلام آباد کی تمام رجسٹرڈ و غیر رجسٹرڈ مساجد کمیٹیاں 1986ء کے رولز کے تحت کالعدم قرار دے دی گئی ہیں۔محکمہ اوقاف اور غیر اوقاف مسجد و امام بارگاہوں پر 1986  کے رولز کی جگہ 2023  رولز نافذ کر دیے گئے جس کے مطابق اسلام آباد میں مساجد و امام بارگاہوں سے کوئی متنازعہ تقریر نہیں ہوسکے گی۔نئے رولز کے تحت مساجد کمیٹیاں مستند عالم دین یا پہلے سے موجود بانی ٹرسٹی کی زیر نگرانی قائم ہوگی۔ وفاقی دارالحکومت کے وقف پراپرٹیز (مسجد مینجمنٹ) رولز لاگو کر دیے گئے، تمام مساجد و امام بارگاہوں پر یہ قواعد لاگو ہوں گے۔اسلام آباد مسجد مینجمنٹ رولز 9 مرکزی اور 22 ذیلی نکات پر مشتمل ہیں جن پر عمل درآمد لازم ہوگا۔وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کی رجسٹریشن کے سوا تمام غیر رجسٹرڈ کمیٹیاں ختم تصور ہوں گی جبکہ مساجد و امام بارگاہوں میں ایک وقف مینجر مستند عالم دین متعین کیا جائے گا۔ مسجد منیجر کی اجازت کے بغیر کوئی عالم یا واعظ خطبہ جمعہ یا کوئی تقریر نہیں کرسکے گا، ہر مسجد یا امام بارگاہ میں تمام امور کا ذمہ دار بھی وقف منیجر ہوگا۔

مزیدخبریں