پرائس کنٹرول کا میکنزم بنا رہے ہیں، کسی کی من مانی نہیں چلے گی: عظمیٰ بخاری 

Mar 23, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول پروگرام پر کامیابی سے عمل درآمد ہو رہا ہے۔ سوشل میڈیا ہو یا عام مارکیٹیں لوگ خود بتا رہے ہیں کہ پنجاب میں پہلی بار رمضان میں چیزیں سستی فروخت ہورہی۔ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل پنجاب حکومت نے پرائس کنٹرول کا پروگرام شروع کیا۔ اس کا کریڈٹ وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ابھی بھی کچھ شکایات موصول ہو رہی ہیں، ان کو ہر ممکنہ طور پر حل کیا جارہا ہے۔ شہریوں کو سستی اور معیاری اشیاء خوردونوش فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ رمضان بازاروں میں سستی اور اعلیٰ معیار کی اشیاء کی فروخت جاری ہے۔ جو دکاندار اشیاء خورد و نوش کی ریٹ لسٹ آویزاں نہیں کرے گا اس کو معافی نہیں ملے گی۔ پنجاب حکومت جلد پرائس کنٹرول کا مکمل ایک میکنزم بنا رہی ہے۔ پرائس کنٹرول کا شعبہ پہلے غیر فعال تھا۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ذاتی دلچسپی سے پرائس کنٹرول کے شعبے کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ اب پنجاب میں کسی کی من مانی نہیں چلے گی۔ مارکیٹ میں اشیاء خورد و نوش کا ریٹ وہی ہوگا جو انتظامیہ طے کرے گی۔وزیر اطلاعات وثقافت عظمی زاہد بخاری نے ڈی جی پی آر کے کیمرہ مین اصغر علی چشتی کے انتقال پر  افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں