قلعہ دیدار سنگھ:بینظیر انکم سپورٹ سہولت سنٹر میں خواتین سے ریٹیلرز کی بدتمیزی 

قلعہ دیدار سنگھ(چوہدری حسیب پندھیر سے)بینظیر انکم سپورٹ سہولت سنٹر میں خواتین در بدر،ریٹیلرز کی خواتین سے بدتمیزی،دھکے دینا معمول بن گیا،کٹوتی کے بغیر پیسے لینا ہمارا خواب بن گیا۔صرف سفارشات پر ہی پیسے دئیے جاتے ہیں،خواتین’’نوائے وقت’’سروے میں پھٹ پڑیں۔تفصیلات کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ سہولت سنٹرقلعہ دیدار سنگھ برانچ سے قسط لینے کے لیے سحری کے ٹائم آکر لائن میں لگ جاتی ہیں کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی انکی باری نہیں آتی جس کی وجہ سے جھگڑے ہونے کے واقعات،معمر خواتین سے بدتمیزی دھکے دیکر باہر نکالنا معمول بن گیا ہے۔سروے کے دوران خواتین نے الزام لگایا ہے کہ برانچ اوپن ہوتے ہی پہلے سفارشات پر آئے ہوئے یا کٹوتی کروانے والی خواتین کو پہلے پیسے دئیے جاتے ہیں۔جب اصل مستحق خواتین جو صبح سے لائن میں لگ کر اپنی باری کے انتظار میں ہوتی ہیں وہ گھنٹوں لائن میں لگنے کے باوجود انٹرنیٹ کی خرابی، سسٹم سلو اور وقت ختم ہونے کا کہہ کر خالی ہاتھ بھیج دیا جاتا ہے۔ خواتین کا کہنا تھا کہ سہولت سنٹر کی انتظامیہ کی طرف سے بیٹھنے کے لیے کرسیوں کا اور نہ ہی دھوپ سے بچنے کیلئے کوئی سائبان کا بندوبست کیا گیا ہے۔ خواتین نے ڈپٹی کمشنر گوجرانولہ سے اپیل کی ہے کہ قلعہ دیدار سنگھ میں قائم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سہولت سنٹر کی تعداد بڑھائی جائے، گرمی سے بچائو اور بیٹھنے کے لیے کرسیوں کا بندوبست کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن