لاہور (کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عدنان خالد بٹ نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اووربلنگ پر قابو پائے اور بجلی کی قیمتیں بھی فوری طور پر کم کرے۔ اووربلنگ اور بجلی کی زیادہ قیمتوں نے صنعت، تجارت اور عوام کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی چوری روکنے کے بجائے حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے جو سراسر ناانصافی ہے۔ عوام کی اکثریت کو ان کی ماہانہ آمدن سے بھی کئی گنا زیادہ بل موصول ہورہے ہیں۔ 3 سو یونٹس تک بجلی کے بلوں پر کوئی ٹیکس عائد نہ کیا جائے۔ بجلی صنعتوں کا اہم خام مال ہے، اگر ایسے صنعت دشمن اقدامات سے گریز نہ کیا گیا تو مینوفیکچرنگ سیکٹر بالکل تباہ ہوجائے گا اور ملک صرف تجارت کی ایک جگہ بن کر رہ جائے گا۔ بجلی کی قیمتوں میں کئی سو فیصد اضافے کے باوجود سرکلر ڈیبٹ پر قابو نہیں پایا جاسکا۔ پاکستان میں بجلی کی قیمت خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پہلے ہی بہت زیادہ ہے۔چونکہ بجلی صنعتوں کیلئے اہم خام مال کا درجہ رکھتی ہے لہذا ملکی مصنوعات مقابلے کی دوڑ سے بالکل ہی باہر ہوجائیں گی۔ ملک پہلے ہی زیادہ پیداواری لاگت کی وجہ سے عالمی مارکیٹ کا بہت بڑا حصہ بنگلہ دیش اور انڈیا کے ہاتھوں کھوچکا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لے اور نہ صرف اووربلنگ پر قابو پائے بلکہ بجلی کی قیمتوں میں فوری کمی کا اعلان کرے۔