لاہور(سپورٹس رپورٹر)پیرس اولمپکس کی تیاریوں میں مصروف سٹار اتھلیٹ ارشد ندیم نے اولمپکس ریکارڈ توڑنے کو ہدف بنالیا، ان کا کہنا ہے کہ نوے عشاریہ اٹھارہ میٹر تھرو کرچکا ہوں، اولمپکس کی ریکارڈ تھرو نوے عشارہ ستاون ہے، زیادہ فرق نہیں بچا، کوشش ہوگی کہ اولمپکس میں نئے ریکارڈ کیساتھ گولڈ میڈل پاکستان کیلئے حاصل کروں۔اتھلیٹس کی پرفارمنس میں سو فیصد فٹنس کی بہت اہمیت ہوتی ہے، کہنی اور گھٹنے کی انجری کے دوران ڈاکٹر اسد عباس سے چیک اپ کیلئے کئی بار اس ڈیپارٹمنٹ میں آیا، ان کی رہنمائی اور ہدایات میں اب دوبارہ انٹرنیشنل ایونٹس میں حصہ لینے کیلئے تیار ہوں، جب سے جیولین تھرو میں انٹرنیشنل ایونٹس میں حصہ لینا شروع کیا، اس وقت سے ڈاکٹر اسد عباس کی رہنمائی حاصل ہے، برمنگھم کامن ویلتھ گیمز میں ریکارڈ تھرو کیساتھ جب گولڈ میڈل جیتا، اس وقت بھی ڈاکٹر اسد عباس میرے ساتھ تھے۔ جنوبی افریقہ جانے سے پہلے ڈیپارٹمنٹ آنے کا مقصد ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرناہے جنہوں نے مشکل وقت میں بہت ساتھ دیا۔