محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوں میں پنجاب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر جبکہ خیبر پختنونخوا کے بعض علاقوں میں گرمی کی لہر برقراررہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کشمیر، گلگت اور شمالی علاقوں میں بعض مقامات پرتیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ ہفتے کے روز گرمی کے لحاظ سے سندھ کا ضلع لاڑکانہ سرفہرست رہا جہاں کا درجہ حرارت اکاون ڈگری سینٹی گریڈ تک جاپہنچا ہے ۔ اس طرح سبی میں انچاس، رحیم یارخان اور جیکب آباد میں اڑتالیس، سکھر، خانپوراورنور پورتھل میں سینتالیس، لاہور، ملتان، جھنگ، اوکاڑہ اوربہاولپورمیں پینتالیس سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ بدین، ڈیرہ غازی خان اورراولپنڈی میں درجہ حرارت بیالیس سنٹی گریڈ ، اسلام آباد،لسبیلہ ،حیدرآباد اورکوٹلی میں درجہ حرارت اکتالیس سینٹی گریڈ رہا ۔ پنجاب میں ضلع جھنگ کے علاقے چنیوٹ میں گرمی سے چار افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ملی ہے ۔ اسی طرح ضلع وہاڑی کے علاقے بوریوالہ میں بھی ایک خاتون اور ایک محنت کش گرمی سے چل بسے ۔ ملتان میں بھی ایک شخص گرمی سے ہلاک ہوا ۔ گرمی کی شدت کے باعث کئی علاقوں میں متعدد افراد بے ہوش بھی ہوئے ۔ دوسری طرف صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاوراورنواحی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اورژالہ باری ہوئی ، سہہ پہر کے وقت شروع ہونے والا یہ سلسلہ آدھے گھنٹے تک جاری رہا۔ جس سے درجہ حرارت میں واضح کمی ہوئی اور موسم خوشگوار ہوگیا