روٹی، کپڑا، مکان کا نعرہ لگانے والی حکومت کے دور میں خودکشیاں ہو رہی ہیں، ناہید خان

May 23, 2012

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (رفیعہ ناہید اکرام) پیپلز پارٹی کی رہنمابینظیر بھٹو کی پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان نے کہا ہے کہ نیٹو کانفرنس میں امریکہ نے سانحہ سلالہ پر معافی نہیں مانگی، امریکہ کو نائن الیون واقعہ کے نقصان یاد ہیں مگر وہ تصویر کا دوسرا رخ نہیں دیکھتا، اس وقت کوئی حکمران پاکستان کو اپنی مرضی سے نہیں چلاسکتا،اگر امریکہ سے قرض لیناہے تو اس کی بات بھی سننا پڑے گی، الیکشن ائر میں کوئی پارٹی نیٹو سپلائی کھولنے کارسک نہیں لینا چاہے گی مگر زمینی حقائق مختلف ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو میں کیا ۔ انہوں نے کہا پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کیلئے حکومت اور فوج کو مل کر سوچنا ہوگا۔ افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں بھی ہوگا۔ وزیراعظم اگر عقلمندی کامظاہرہ کرتے ہوئے مستعفی ہوجاتے اور کہتے کہ جب تک میں الزام کوکلیئر نہیں کروا لیتا عہدہ نہیں رکھونگاتو انکی عزت میں اضافہ ہوتاتاہم انہوں نے کہا کہ اس ساری صورتحال میں یوسف رضا گیلانی قربانی کابکرا بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کی بات سیاسی شعبدہ بازی سے زیادہ نہیں۔ صدر زرداری پر ماضی میں بھی الزامات رہے انکے پاس یہ سنہرا موقع تھا کہ اپنا نام کلیئر کرواتے،انہیں بین الاقوامی قوانین کے مطابق استثنیٰ بھی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ سوئس عدالتوں کو خط لکھنے کافیصلہ گیلانی نہیں کرسکتے۔ روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والی حکومت کے باوجود آج ملک میں خودکشیاں ہو رہی ہیں ہرجگہ آگ لگی ہوئی ہے۔
مزیدخبریں