اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) ایوان صدر میں چینی وزیراعظم کے اعزاز میں ظہرانے کے دوران پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی اور شیخ رشید احمد کے درمیان سر راہ ملاقات ہوئی۔ شیخ رشید کے مطابق جنرل کیانی نے انہیں الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ صدر نے آصفہ کو چینی وزیراعظم سمیت دیگر مہمانوں سے بطور خاص ملوایا۔ تاجر رہنما اور بلاول ملک میں نہ ہونے کی وجہ سے شریک نہیں ہوئے۔ ایوان صدر کے دروازے ”معتوب“ سنیٹر بابر اعوان پر کھول دیے گئے۔ انہوں نے ظہرانے میں شرکت کی۔ چینی وزیراعظم نے پاکستان کی سیاسی قیادت کی پختگی اور ایک حکومت سے دوسری کو پرامن انتقال اقتدار کو سراہا۔ ظہرانہ میں تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کا کوئی رہنما موجود نہیں تھا۔ مسلم لیگ ن، جے یو آئی (ف)، پیپلز پارٹی، اے این پی، عوامی مسلم لیگ، مسلم لیگ (ضیائ)، نیشنل پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔ چاروں صوبوں کے نگران وزرائ، پنجاب، خیبر پی کے اور بلوچستان کے گورنر، آزاد کشمیر کے صدر اور وزیراعظم گلگت، بلتستان کے وزیراعلیٰ نے شرکت کی۔ سندھ کے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد ظہرانہ میں موجود نہیں تھے۔ ظہرانہ میں شریک ہونے والی سابقہ دور حکومت کی بعض اہم شخصیات ایوان صدر کی طرف سے سابقہ پروٹوکول نہ ملنے پر ناراض ہو گئیں۔ ظہرانہ کے موقع پر صدر زرداری کے پیر محمد اعجاز بھی خاصے سرگرم نظر آئے۔ نشان پاکستان کا اعزاز دیے جانے کی تقریب اور بعد ازاں ظہرانہ کے موقع پر پیر محمد اعجاز وہاں ایک کونے سے دوسرے میں آتے ہوئے تسبیح کر کے پھونکیں مارتے رہے۔