لاہور (اپنے نامہ نگار سے) 20 کروڑ روپے ادا کر دینے پرمقامی احتساب عدالت نے 8 ارب روپے کے فراڈ میں گرفتار ملزم رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ بینک آف پنجاب فراڈ ریفرنس کے اہم ملزم سیٹھ نثار احمد کو پلی بارگینگ کی بنیاد پر رہا کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ قبل ازیں نیب حکام نے ملزم کی جانب سے دی گئی درخواست پر اس سے58کروڑ روپے کی پلی بارگینگ کی منظوری دے دی تھی جس کے تحت ملزم نے گزشتہ روز 20کروڑ روپے بطور ڈاﺅن پے منٹ عدالت میں جمع کرادئےے۔ معاہدے کے تحت ملزم باقی رقم سہ ماہی اقساط میں ادا کرے گا ۔سیٹھ نثار ساڑھے آٹھ ارب روپے کے بینک آف پنجاب فراڈ ریفرنس میں بینک کے سابق صدر ہمیش خان اور حارث سٹیل ملز کے ڈائریکٹر شیخ محمد افضل کا شریک ملزم تھا۔ یاد رہے فاضل عدالت شیخ محمد افضل کو پہلے ہی پلی بارگینگ کے تحت رہا کر چکی ہے احتساب عدالت نے بینک آف پنجاب فراڈ ریفرنس کے مرکزی ملزم ہمیش خان کی جانب سے دائر بریت کی درخواست پر فیصلہ 24مئی تک موخر کر دیا ہے ۔ فاضل عدالت نے یہ فیصلہ گزشتہ روز کرنا تھا تاہم ناگزیر وجوہات کی بنا پر اسے آئندہ تاریخ تک موخر کر دیا گیا ہے۔