ملتان (آئی این پی) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اورسابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مڈ ٹرم الیکشن کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا، پاکستان اور بھارت کے درمیان بہتر تعلقات کیلئے وزیراعظم نواز شریف کو بھارت جانا چاہیے یہ سارک ممالک کے سربراہوں سے ملاقات کا اچھا موقع ہوگا طالبان اگر اپنے لوگوں کی رہائی کی بات کر رہے ہیں تو حکومت کو بھی سول لوگوں کی رہائی کیلئے طالبان سے بات کرنی چاہیے، شدت پسندوں کیساتھ مذاکرات کامیاب ہونگے۔ حکومت وہ بجٹ پیش کرے جو عوام کے مفاد میں ہو ۔ وہ جمعرات کو کراچی سے ملتان پہنچنے پر ائیر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے جمہوریت کے لئے اداروں کا استحکام ضروری ہے اس کے لئے پارلیمنٹ اور پارلیمنیٹرین کی آواز کو اہمیت دی جانی چاہئے اگر پارلیمنٹ کو نظر انداز کیا گیا تو غیر جمہوری قوتیں مضبوط ہونگی اس لئے منتخب اداروں کو مستحکم ہونا چاہئے جب ان سے مڈٹرم الیکشن کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میری رائے میں مڈٹرم الیکشن کو رول آئوٹ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ماضی میں بھی ایسا ہوتا رہا ہے لیکن مڈٹرم الیکشن مسائل کا حل نہیں ہے اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کی (سی ای سی ) کا جو فیصلہ ہوگا وہ عوام کی ترجمانی ہوگی کیونکہ پیپلز پارٹی عوام کی ترجمانی پر یقین رکھتی ہے حکومت کو بھی چاہئے کہ وہ عوام کی ترجمانی کا حق ادا کرے نو منتخب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے وزیراعظم نواز شریف کو تقریب حلف برداری میں شرکت کے سوال کے جواب میں گیلانی نے کہا دس سال بعد بھارت میں بھی تبدیلی آئی ہے نریندر مودی کو بھارت کے عوام نے ووٹ کے ذریعے منتخب کیا ہے اگر موجودہ وزیراعظم بھارت جائیں گے تو انکی سارک ممالک کے سربراہوں سے بھی ملاقات ہوگی۔
نوازشریف کو بھارت جانا چاہئے، مڈٹرم انتخابات خارج ازامکان نہیں ، یوسف رضا گیلانی
May 23, 2014