اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن+ این این آئی) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جو لوگ ٹیکس جمع نہیں کرا رہے ہیں انہیں کسی قسم کی مراعات نہیں دینگے۔ ٹیکس جمع کرانے والوں کو مراعات دی جائینگی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ کے درمیان ملاقات ہوئی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایف بی آر کے ممبران کو ہدایت کی کہ آئندہ بجٹ میں تاجروں اور صنعت کاروں کی تجاویز شامل کی جائیں۔ قبل ازیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نے تھری جی اور فور جی کی نیلامی سے 1.1 ارب ڈالر سے زائد ریکارڈ ریونیو حاصل کیا، تھری جی اور فورجی کے لائسنس حاصل کرنے والی کمپنیوں نے بولی کی 88فیصد رقم جمع کرا دی ہے، دارالحکومت کے مضافات میں 500 ٹیلی سنٹر قائم کئے جائیں گے، حکومتی پالسیوں سے 90 لاکھ افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ ایف بی آر ٹیکس دہندگان کو سہولت دینے کیلئے ٹیکس رپورٹنگ کے طریقہ کار کو آسان بنائے تاکہ لوگ ٹیکس سے بھاگنے کی بجائے اس کی ادائیگی کو ترجیح دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو تھری جی اور فورجی ٹیکنالوجی کے لائسنسوں کے اجراء کی تقریب سے خطاب اور آئندہ مالی سال 2014-15 کی بجٹ سازی کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے ایف بی آر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں آزاد کشمیر کے وزیراعظم چودھری عبدالمجید نے وزیر خزانہ چودھری لطیف اکبر کے ہمراہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں آئندہ بجٹ میں آزاد جموں کشمیر کے مالی معاملات پر بات چیت ہوئی۔ اس دوران وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ آزاد کشمیر کی مالی مشکلات دور کرنے میں معاونت کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد، مظفر آباد ریلوے لنک کے منصوبے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔