اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیدنے کہا ہے کہ نوازشریف کا لاہور سے انتخاب مشکوک ہے وہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے لاہورکے حلقوں میں تمام امیدواروں سے کم ووٹ لئے۔ مارشل لاء موسم کے مطابق نہیں حالات کی وجہ سے آتا ہے، ملک ہو گا تو جمہوریت ہوگی۔ نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کا حلقہ مشکوک ہو گیا تو پیچھے کون رہ گیا۔ سوئٹزر لینڈ میں جس 200ارب کا رونا رو رہے ہیں۔ وہاں کئی اور لوگوں کے اکاؤنٹ ہیں۔ جب میں اسمبلی میں نہیں جاتا تو وزیراعظم اسمبلی میں آتے ہیں۔ نواز شریف دور میں زرداری کے خلاف کوئی کیس نہیں کھلے گا کیونکہ ان دونوں کے درمیان ڈیل ہے۔ آج جمہوریت کو خطرہ ہے اکتوبرمیں ہوسکتا ہے کہ نوازشریف کی حکومت چلی جائے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف فوج اور جیو کو گولی دے رہے ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ کی لڑائی آج کی نہیں دس سال پرانی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ حکمران ایک ایجنڈا لیکر آئے ہیں آج ملک میں مہنگائی کی شرح نو فیصد ہے۔