کراچی ( خصوصی رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں دہشت گردی اور قتل وغارتگری کے مسلسل واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اورمطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایک مرتبہ پھر کراچی میں بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اورآج سفاک دہشت گردوں نے ناظم آباد نمبر4 میں فائرنگ کرکے دوسگے بھائیوں اورگلستان جوہر میں ایک لیڈی ہیلتھ ورکرکو قتل کردیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایک جانب بھتہ مافیا تاجروں ، دکانداروں ، اسکول مالکان اور اساتذہ سے بھتے کا مطالبہ کررہے ہیں اور بھتہ نہ دینے والوں کو گولیوں کا نشانہ بنارہے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کراچی کے عوام کو سفاک قاتلوں ، دہشت گردوں ، بھتہ خوروں اور جرائم پیشہ عناصر کے رحم وکرم پرچھوڑدیاگیا ہے ۔ر ابطہ کمیٹی نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، ڈی جی رینجرزمیجر جنرل رضوان اختراور آئی جی سندھ اقبال محمود سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں دہشت گردی اورقتل وغارتگری کافوری نوٹس لیا جائے اور بے گناہ شہریوں کی جان ومال سے کھیلنے والے دہشت گردوں کو گرفتارکرکے سخت ترین سزا دی جائے۔
رابطہ کمیٹی