لاہور (نامہ نگار) زمبابوے اور پاکستان کے میچ کی وجہ سے قذافی سٹیڈیم سے ملحقہ علاقوں میں ٹریفک کا مسئلہ ہونے کے باوجود پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی خوشی میں حب الوطنی کے جذبے سے سرشار شہریوں نے اسے نظرانداز کردیا اور جام ٹریفک میں صبروتحمل کا مظاہرہ کیا۔ گزشتہ روز دوپہر سے ہی فیروزپور روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، جیل روڈ خصوصاً کینال روڈ پر ٹریفک جام رہی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ اس موقع پر امید افزا بات یہ تھی کہ شہریوں نے جام ٹریفک ہونے پر مشکلات کا سامنا کرنے کے باوجود صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ چھ سال کے عرصے کے بعد بحال ہو رہی ہے جس پر انہیں جتنی خوشی ملی ہے اسکے مقابلے میں ٹریفک کا مسئلہ کچھ بھی نہیں ہے۔ انہیں کچھ تکلیف ضرور ہوئی ہے مگر وطن عزیز کا نام اور سبز ہلالی پرچم اونچا کرنے کی خاطر انہیں کچھ دیر جام ٹریفک میں انتظار کی زحمت اٹھانا پڑی جو کہ کچھ بھی معنی نہیں رکھتی ہے۔