پاکستان کے خلاف بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی آئے روز کی بڑھتی ہوئی تشویش ناک حاسدانہ‘ انتہائی متعصبانہ اور بدترین گھٹیا مذموم سر گرمیاں اپنی آخری حدوں سے آگے نکلتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں خاص طور پر جہاں ’را‘ اپنی ازلی پاکستان دشمنی کے مقاصد سے لیس آجکل ہمیں مقبوضہ کشمیر میں بڑی ’سمارٹ‘ دکھائی دے رہی ہے، وہاں ’را‘ نے پاکستانی شہروں کے اندر بھی اب اپنے مذموم اور قابل مذمت شرمناک اقدامات بروئے کار لانا شروع کر دئیے۔ ’را‘ کے یہ کام نئے نہیں کب سے بلوچستان میں ’را‘ متحرک اور فعال ہے لیکن اِسے ہماری سیاسی قیادت کی ’قائدانہ‘ تجاہل عارفانہ کہیئے یا اِسے سیاسی جراّت وہمت کی کمی کانام دیجئے ملکی سیاست دانوں نے کبھی کھل کر پاکستانی عوام کو اِس سلسلے میں اپنے اعتماد میں نہ لیا کھل کر ’را‘ کی اِنہوں نے کبھی مذمت نہیں کی‘ پاکستان کی عسکری قیادت نے گزشتہ دنوں اپنے کور کمانڈر کانفرنس میں جب پہلی مرتبہ کھل کر اِس زمینی حقیقت کا اعلامیہ جاری کیا کہ ”ماضی میں بھی کئی بار اُنہوں نے ملکی سیاسی قیادت کو اِس بارے میں اپنے اعتماد میں لیا، اُنہیں بلوچستان اور پاکستانی شہروں کے اندر ’را‘ کی حرکات و سکنات کے ثبوت دکھلائے“ کسی نے کسی عالمی فورم پر یہ بات ٹھوک بجا کر کہنے کی جراّت تک نہیں کی، اب جبکہ فوجی قیادت نے بات کردی ہے تو ملک بھر کے مختلف سماجی وسیاسی زعماءکی طرف سے حکومت پر زور دیاجا نے لگا ہے کہ نئی دہلی حکومت سے کھل کر اور براہ ِ راست ’را‘ کی پاکستان میں کی جانیوالی ”خونریز مداخلت“ پر حکومت کو کوئی دیر کیے بغیر پُرزور احتجاج کر ناہی ہوگا، اب تو ہر ایک باشعور پاکستانی متفق ہے کہ کراچی سے خیبر پختونخواہ تک اور گلگت بلتستان سے بلو چستان تک ’را‘ کے ہاتھ پھیلے نظر آتے ہیں، جو کہیں کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی اور کبھی کہیں پر داعش اور القاعدہ کے لبادے اُوڑھے ہوئے ہے ’را‘ کا اوّلین مقصد پاکستان کی ترقی وخوشحالی کی راہ میں مشکلات اور رکاوٹیں پیدا کرنا اور پاکستان کے اندرونی استحکام کو ہر قیمت پر کمزور بنانے کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے۔ پاکستان کی دونوں اطراف مشرقی اور مغربی سرحدوں کے پار اگر کوئی غیر ملکی خفیہ ادارہ اپنے کسی بھی نوع کے مذموم اور خفیہ مقاصد رکھتا ہے، تو وہ صرف اور صر ف بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ ہی ہے ’را‘ کی بدنام ِ زمانہ حکمت عملی کی زد میں یوں سمجھئے پورا جنوبی ایشیا گھرا ہوا ہے، پاکستان اور بھارت کے مابین آج سے چھ سات دہائیوں قبل تقسیم ہند کے وقت مقبوضہ کشمیر کی صورت میں صرف ایک ہی تنازعہ تھا ’را‘ کی چانکیائی و مکارانہ سیاست نے مقبوضہ کشمیر جیسے اہم تنازعہ کی اہمیت و افادیت کو مزید کئی اور تنازعات کے بوجھ تلے دبانے کی کیسی کیسی فریب زدہ حرکات کیںپانی کا مسئلہ کھڑا کیا گیا‘ سرکریک اور سیاچن کا مسئلہ پیدا کیا گیا 9/11کے بعد نام نہاد ’دراندازی ‘ کا کس قدر شور شرابا کیا گیا کون انکار کرے گا کہ گزشتہ 60-66 برسوں سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں برائے نام انتخابات کے ڈھونگ رچا کر دنیا کو بھارت نے عجب سیاسی دھوکے میں رکھا ہوا ہے جبکہ صرف مقبوضہ کشمیر میں ہی کیا منحصر! بھارت بھر جہاں یونیورسٹیوں میں کشمیری طلبا تعلیم حاصل کر رہے ہیں، پاکستان ڈے پر ایک جگہ جمع ہوکر جب وہ پاکستانی پرچم لہراتے ہیں یا جب کبھی پاکستانی کرکٹ ٹیم یا ہاکی ٹیم کی کسی ملک کیخلاف کامیابی کی کوئی خبر اُنہیں ملتی ہے تو وہ جوش جذبات سے سرشار ہوکر پاکستان زندہ باد کے واشگاف نعرے لگانے سے گریز نہیں کرتے تو بھارتی متشدد تنظیموں کی سرپرست اعلیٰ تنظیم آر ایس ایس والے ’را‘ کے کہنے اکسانے پر طالب علم کشمیریوں کو اپنی غنڈہ گردی کا نشانہ بناتے اور اُنہیں یونیورسٹیوں سے نکلوا دیتے ہیں، اہل کشمیر کے نوجوان طلباءوطالبات کا سینٹرل بھارت کی یونیورسٹیوں میں یوں اپنے دلی جذبات کا اظہار آر ایس ایس کے مسلح غنڈوںکو ایک نظر نہیں بھاتا ’را‘ جو پہلے ہی ایسے معاملات میں اپنے سینگ پھنسا ئے ہوئے رہتی ہے دنیا کی نظروں سے کیسے اور کیونکر چھپ سکتی ہے، بھارت میں آجکل آر ایس ایس جیسی دہشت گردتنظیم کی براہ راست سرپرستی میں نئی دہلی کی مرکزی حکومت قائم ہے، نریندر مودی جیسے شخص کی سربراہی میں قائم اِس جنونی انتہا پسند حکومت کے ساتھ امریکا ‘ برطانیہ اور مغربی حکومتیں اپنے مفاداتی معاملات نمٹانے میں لگی ہوئی کہیں نہ کہیں وہ شرمسار اور نادم دکھائی دیتی ہیں، وہ بھولیں تو کیسے بھولیںیہ وہ ہی نریندر مودی جس نے ریاست گجرات کے گودھرا کیمپ کو دن دہاڑے مسلمانوں کے لہو میں ڈوبو دیا تھا، اب اُسکی لالچی نظریں جموں وکشمیر کو ہڑپ کرنے میں بیتاب ہیں امریکہ‘ برطانیہ اور مغربی حکومتیں، انسانی حقوق کی چیمپئن حکومتیں مقبوضہ جموں وکشمیر کے دیرینہ اہم ایشو پر ’چپ ‘ سادھے بھارتی فوج اور بھارتی سیکورٹی اداروں کی جانب سے کشمیر میں کیے جانیوالے مظالم پر خاموش تماشائی بنی سچائی اور حقائق کو منہ چڑاتی ہوئی معلوم نہیں دیتیں؟ یہ اور ایسے مزید سنگین سوالات کے جواب شاید ہی کوئی دے پائے؟ بھارت یقینا ایک بڑی تجارتی منڈ ی ضرور ہے تجارت کے ذریعے مال ودولت اکٹھی کرنا عالمی اور مغربی طاقتوں کی ایک ضرورت ہوگی مگر جناب والا! اگر تجارت کرنے کا یہ نکتہ تسلیم کر لیا جائے تو پھر مغربی طاقتوں کو انسانی حقوق کی علمبرداری کا کوئی حق نہیں پہنچتا، یہ بھی یاد رہے کہ آج بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 5 جنوری 1949ءکی منظور کردہ وہ اہم قرار داد اپنے فیصلے کو بروئے کار لانے کی منتظر پڑی ہے جس اہم قرارداد میں بھارت نے خود یہ درخواست کی تھی کہ ’کشمیر میں حالات نارمل ہوتے ہی اقوام متحدہ کی نگرانی میں اہل کشمیر کو حق استصواب دیا جائےگا‘ پھر بھارت اپنے ہی وعدوں سے آج کیوں مکر گیا؟ کہاں ہیں عالمی انسانی حقوق کی یہ تنظیمیں، بھارت سے کیوں نہیں پوچھا نہیں جاتا، بھارت تو گزشتہ کئی برسوں سے کشمیر میں انتخابات کے ڈھونگ رچا رہا ہے۔