اللہ کی مسلسل نافرمانی کے باعث اُمت مسلمہ پرائے حاکموں کے مظالم کا شکار ہے: طاہرالقادری

لاہور (خبرنگار) عوامی تحریک کے سربراہ اور تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے شب برأت کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن میں منعقدہ روحانی ،تربیتی اجتماع سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی مدد کیلئے اُمت سچ بولے ،انصاف سے کام لے اور مظلوم کا ساتھ دے ۔شب برأت کی مبارک رات بے گناہوں کی جانیں لینے والا بھی اللہ کی رحمت اور اس بابرکت رات کے فیوض و ثمرات سے محروم رہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلامیان پاکستان اللہ کو راضی کرنے کیلئے آپس کی نفرتوں کو ختم کریں ،عزیز و اقارب سے قربتیں بڑھائیں ،والدین کی نافرمانی سے بچیں،کبیرہ گناہوں سے دور رہیں اور ایک صحتمند مثبت اقدار پر مبنی اسلامی طرز حیات اختیار کریں تاکہ اللہ خوش ہو اور دنیاوی مسائل اور تکلیفوں میں کمی واقع ہو ۔انہوں نے کہا کہ اُمت دنیاوی اغراض کے غلبہ کے باعث دین محمدی ؐ کی تعلیمات اورا نکے ثمرات سے محروم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی مسلسل نا فرمانی کا نتیجہ ہے کہ اُمت مسلمہ اپنے اور پرائے حاکموں کے خوف اور مظالم کا شکار ہے اور نا پسندیدہ سربراہان مملکت کو برداشت کرنے پر مجبور ہے ،گناہوں کی رغبت نے خوف میں مبتلا کر رکھا ہے اور حمیت چھن گئی ہے ۔ظالم کا ہاتھ پکڑنے کی بجائے اسے تقویت دی جاتی ہے اور مظلوموں کا ساتھ دیتے ہوئے ذاتی فوائد اور مصلحتوں کو سامنے رکھا جاتا ہے ،کلمہ حق بلند کرتے وقت زبان میں لکنت ہوتی ہے۔ جب اُمت خلاف دین عادات و اطوار کا شکار ہو گی تو اللہ کی مدد کہاں سے آئیگی؟

ای پیپر دی نیشن