کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ) آئی جی ایف سی میجرجنرل شیرافگن نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کی حفاظت اور امن و امان کی بحالی ایف سی کی اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے۔عوام قیام امن ،ترقی اور خوشحالی کیلئے دہشت گردوں کیخلاف سکیورٹی فورسزکے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں۔یہ بات انہوں نے یہ بات مکران سکائو ٹس تربت میں ظہرانے کے موقع پر قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ایف سی صوبے میں امن کے قیام کے ساتھ ساتھ تعلیم کے فروغ میں بھی عملی کرداراداکررہی ہے کیونکہ تعلیم کاحصول ہی ہمیں پسماندگی سے نکالنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے، اقتصادی راہداری منصوبہ ملک اور بالخصوص بلوچستان کی ترقی کی ضمانت ہے اورصوبے میں ترقیاتی کاموں میں رخنہ ڈالنے والوں کوکیفرکردارتک پہنچانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ بلوچستان کے عوام نے پُرتشدد موقف کویکسرمسترد کرکے امن کادامن تھام لیا ہے۔ میجرجنرل شیرافگن نے تربت میں ایف سی مکران سکائوٹس کی جانب سے از سرنو تزئین و آرائش کردہ بلنگور ہائی اسکول کا دورہ اورقبائلی عمائدین سے ملاقاتیںبھی کیں۔ اساتذہ اور طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے ان کو در پیش مسائل کے حل کیلئے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا جن لوگوں نے ہمارے بچوں کے ہاتھ سے قلم چھین کر ہتھیار تھمائے وہ دراصل اپنے بیرونی آقائوں کے ایما پرکام کررہے ہیں،آئی جی ایف سی نے ایف سی بلنگور چیک پوسٹ کا دورہ کرتے ہوئے جوانوں سے ملاقات کی۔