کوئٹہ (بیورو رپورٹ)حکومت بلوچستان نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبے کے تمام مدارس کو محکمہ تعلیم کے ذریعے رجسٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مدارس کی رجسٹریشن کے طریقہ کار اور سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ میں ترمیم اور قانون سازی کیلئے صوبائی حکومت نے ایک اعلیٰ سطح کی 4 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ محکمہ تعلیم کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ محکمہ تعلیم نے صوبے بھر کے تمام مدارس کے مقام، نام، اساتذہ اور طالب علموں کی معلومات جمع کرنے کیلئے ایک فارم پہلے سے تیار کرلیا۔ اس طرح ان مدارس میں موجود اساتذہ اور طالب علموں کی اصل تعداد معلوم ہوجائے گی۔ صوبائی سیکرٹری تعلیم صبور کاکڑ نے بتایا کہ بلوچستان کے محکمہ تعلیم نے پہلے سے ہی کوئٹہ اور صوبے کے دیگر حصوں میں موجود نجی سکولوں کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا، سکولوں کی رجسٹریشن کے بعد مدارس کی رجسٹریشن کا آغاز کیا جائیگا۔