اپوزیشن کے ٹی او آر میں وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ نہیں‘ کرپشن قرضے معاف کرانے والوں کو بھی شامل کرینگے : سپیکر قومی اسمبلی

لاہور (خبر نگار) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ٹی او آر پانامہ جیسی کمپنیوں، قرضے معاف کرانے اور کرپشن سے متعلق بنیں گے، پانامہ لیکس کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کیلئے متحدہ اپوزیشن کے نام میرے پاس آ گئے ہیں جبکہ اپوزیشن کے سینٹ اور حکومت کے نام آج پیر کو میرے پاس آجائیں گے۔ ان خےالات کا اظہار انہوں نے سابق وزےراعظم ےوسف رضا گےلانی کے گھر کے باہر مےڈےا سے گفتگو کے دوران کےا۔ ایاز صادق کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی قابل احترام سیاستدان ہیں انہیں بیٹے کی بازیابی پر مبارکباد پیش کرنے آیا ہوں جبکہ ٹی او آرز پر پیشرفت سے متعلق بھی یوسف رضا گیلانی کو آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی او آر کمیٹی میں کوئی نظرانداز نہیں ہوگا، پارلیمانی کمیٹی کیلئے ملک کی چوتھی بڑی پارٹی کو نظرانداز کیا گیا لیکن بعد میں اپوزیشن نے خود سے شامل کرلیا، نام آ جانے کے بعد باقاعدہ مشاورت سے منگل یا بدھ تک کمیٹی قائم کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کے معاملے پر ہر اپوزیشن جماعت حکومتی جماعت سے رابطے میں ہے جو کہ جمہوریت کا حسن ہے۔ ٹی او آر تمام سیاسی جماعتوں کی خواہش کے مطابق درست سمت میں جارہے ہیں اور ٹی او آر میں اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے استعفیٰ کا کوئی مطالبہ نہیں کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف کے دورہ لندن کے حوالے سے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اپنے میڈیکل چیک اپ کیلئے لندن گئے ہیں اور مجھے اس بات کا علم نہیں ہے کہ ان کی سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات ہوگی یا نہیں۔

ای پیپر دی نیشن