یمن: جھڑپیں‘ 13 القاعدہ جنگجو‘ 3 فوجی ہلاک: ایران نے حواثی باغیوں کے ذریعہ ہماری سلامتی دائو پر لگا دی‘ صدر ہادی

May 23, 2016

عدن (آئی این پی) یمن کے مشرقی حصے میں شدید جھڑپوں کے دوران القاعدہ کے 13 جنگجو مارے گئے جب کہ یمنی فوج کے 3 اہلکار بھی ہلاک ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیاکے مطابق سیکورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ ملک کے جنوب مشرقی حصے میں شدید جھڑپوں کے دوران القاعدہ کے 13 جنگجو مارے گئے جب کہ یمنی فوج کے 3 اہلکار ہلاک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق جھڑپوں کا آغاز ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اس وقت ہوا جب سرکاری فوج نے حضرموت صوبے کے صدرمقام المکلا شہر کے مشرق میں شدت پسندوں کے زیراستعمال دو گھروں پو چھاپہ مارنے کی کوشش کی۔ واضح رہے کہ سرکاری فوج نے گزشتہ ماہ عرب اتحادی افواج کی سپورٹ کے ساتھ المکلا شہر کا کنٹرول واپس لے لیا۔ اس سے قبل اپریل 2015 میں القاعدہ تنظیم نے شہر پر قبضہ کر لیا تھا۔ ادھر صنعاء (آن لائن) یمن کے صدر عبدالربہ منصور ھادی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت یمن کو علاقائی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے عناصر کی گذرگاہ ہرگز نہیں بننے دے گی۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یمن کے اتحاد کے سالگرہ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر عبد ربہ منصور ھادی نے قوم میں اتحاد پر زور دیا اور ساتھ ہی الزام عائد کیا کہ ایران حوثی باغیوں، فرقہ پرست عناصر اور مذہبی منافرت کو ہوا دے کر یمن کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔ حوثیوں کی تحریک انقلابی نہیں بلکہ یمن کی سالمیت اور خود مختاری کے خلاف بغاوت ہے۔ اگر حوثی اپنے دعوے میں درست ہیں تو انہیں اختیارات اور حکومت میں شراکت کے اصول کو اپناتے ہوئے ملک میں مذہبی اور فرقہ وارانہ منافرت کی راہ ترک کرنا ہوگی۔ بیرونی اشاروں پر ناچنے اور ملک کو تباہی کی طرف لے جانے کا سلسلہ بند کرنا ہو گا۔

مزیدخبریں