پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کل سے چھٹیوں کا اعلان‘ پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے تحفظات

لاہور (خبر نگار) محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے کے تعلیمی اداروں میں کل 24 مئی سے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ موسم گرما کی تعطیلات 24 مئی تا 14 اگست جاری رہیں گی۔ قبل ازیں محکمہ تعلیم نے گرمیوں کی چھٹیوں کے آغاز کی تاریخ یکم جون مقرر کر رکھی تھی۔ تاہم موسم کی شدت اور طلباو والدین کی شدید مشکلات کے پیش نظر محکمہ نے 24مئی سے تعطیلات کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ اس امر کا اظہار صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد نے محکمہ سکولز ایجوکیشن کے کمیٹی روم میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رانا مشہود احمد نے کہا محکمہ موسمیات کی تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے 15جون سے پہلے گرمی کی شدت میں کمی اور بارشوں کا کوئی امکان نہیں۔ کئی سکولوں میں گرمی کی وجہ سے بچوں کے بیہوش ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں۔ رانا مشہود احمد نے کہا جن سکولوں میں بچوں کے امتحانات ہو رہے ہیں وہ متعلقہ ای ڈی او ایجوکیشن کو اپنے امتحانات کی ڈیٹ شیٹ جمع کرا کر امتحانات مکمل کریں گے۔ آج سکولوں میں بچوں کو گرمیوں کی چھٹیوں کا ہوم ورک دینے کے لئے مخصوص کیا گیا ہے اور کل منگل سے تعطیلات کا آغاز ہو جائے گا۔ تعطیلات کا اعلان پرائیویٹ سکولوں کی تنظیموں کے نمائندوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔نجی سکول مالکان کے ایک گروپ پرائیویٹ سکولز فیڈریشن نے حکومتی فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے مرکزی صدر کاشف مرزا کا کہنا ہے حکومت نے نہ ہی ان سے مشاورت کی اور نہ ہی اعتماد میں لیا ہے۔ کاشف مرزا نے بتایا حکومت کے اعلان پر غور اور مستقبل کے لائحہ عمل کیلئے فیڈریشن کا اجلاس طلب کیا ہے۔ قبل از وقت چھٹیوں کے اعلان کے باعث بچوں کے امتحانات متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ بچوں کو گرمیوں کی چھٹیوں کا کام بھی ابھی تک نہیں دیا گیا جو ایک دن میں ناممکن ہے۔
سکول / چھٹیاں

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...