عمران جہانگیر ترین کے معاف کرائے قرضوں پر عیاشی کر رہے ہیں‘ تاریخ معاف نہیں کریگی : پرویز رشید

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان تین سال سے ایک ہی تقریر کر رہے ہیں۔ وزیراعظم سوات کے عوام کے لئے ترقیاتی منصوبے لے کر گئے۔ عمران خان سوات کے ترقیاتی منصوبوں پر تنقید کے لئے وہاں گئے۔ جہانگیر ترین کے معاف کرائے گئے قرضے قومی دولت ہیں۔ جہانگیر ترین کے معاف ہونے والے قرضوں سے عمران عیاشی کر رہے ہیں۔ عمران کا دامن صاف ہوتا تو سینہ تان کر احتساب کے لئے پیش ہوتے۔ نئے خیبرپی کے میں سکولوں کے بچے زمین پر بیٹھ کر پڑھتے ہیں۔ عمران خان نے شوکت خانم ایمرجنسی میں علاج کرایا، باقاعدہ علاج کے لئے باہر گئے۔ پرویزرشید نے کہا کہ عمران سڑک سے سوات جاتے تو انہیں نئے خیبرپی کے کے کھنڈرات نظر آ جاتے، ایک ہی تقریر کرتے ہیں، جلسوں میں عوام کا پیسہ ضائع کرنے کی بجائے ایک کیسٹ ریکارڈ کرا لیں۔ اقتدار کے لئے اقدار کا جنازہ نکالنے والے عمران کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ دریں اثنا ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے مسلم لیگ (ن) کا سوشل میڈیا سیل وزیراعظم ہاﺅس میں ہونے اور مریم نواز شریف کی سربراہی میں کام کرنے کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا سیل میری سربراہی میں کام کر رہا ہے‘ وزیراعظم کے دورہ برطانیہ کو سیاسی نہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا سیل کی مدد سے سوشل میڈیا پر حکومت کے خلاف ہونے والی تنقید کا مناسب جواب دیا جاتا ہے۔ ہمارا میڈیا سیل کوئی کام درپردہ نہیں کر رہا۔ ہمیں سوشل میڈیا پر منفی سیاست کی ضرورت نہیں نہ کرتے ہیں۔ فوج کی جانب سے جاری گڈ گورننس کے ٹویٹ پر ہم نے باقاعدہ پریس ریلیز جاری کی تھی۔ وزیراعظم کی صحت سے متعلق تشویش کی بات نہیں، میں نے کبھی جھوٹ نہیں بولا، بی بی نے مجھے اس کا سرٹیفکیٹ دیا تھا۔ سوشل میڈیا سے متعلق قانون تیار کر لیا گیا ہے۔ حکومت 2018 تک رہے گی اور مسلم لیگ ن دوبارہ حکومت بنائے گی۔ مسلم لیگ ن نیا سیکرٹری جنرل تعینات کرے گی۔ سوشل میڈیا سیل میری منسٹری میں ہے۔ فوج کے خلاف سیل سے متعلق پراپیگنڈہ کی کوئی شکایت نہیں نہ ہی ہم اپنے ادارے کے خلاف کچھ کر سکتے ہیں۔ اعتزاز دوبارہ لاہور سے الیکشن نہیں جیت سکتے۔ کیا پیپلز پارٹی اگلی بار پنجاب سے سنیٹر بنوا سکے گی یا نہیں معلوم نہیں۔ اسی لئے اعتزاز کو کچھ غصہ ہے۔ مسلم لیگ ن کے پارٹی الیکشن جلد ہوں گے۔ دریں اثنا مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ عمران کی تقریر سن کر کان پک گئے ہیں۔ اس میں کوئی نئی بات نہیں تھی۔ صرف الزامات کی سیاست کر رہے ہیں نواز شریف پر تنقید اپنا سیاسی قد بڑھانے کے لئے کرتے ہیں۔
پرویزرشید

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...