کراچی (آئی این پی) بپھرتا سمندر نہانے والے 6 افراد کو نگل گیا، چار افراد کی نعشیں مل گئی جبکہ دو افراد کی نعشوں کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے، حب ندی میں بھی ایک شخص ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں چھ افراد سمندر اور حب ندی میں نہاتے ہوئے ڈوب کر زندگی ہار بیٹھے، سمندر میں نہاتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں کے رہائشی چار افراد موت کی آغوش میں چلے گئے۔ دو افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔ذرائع کے مطابق گڈانی کے ساحل سے ایک شخص کی نعش ملی جس کی شناخت تجمل کے نام سے ہوئی ہے۔ متوفی اورنگی ٹائون کا رہائشی تھا، حب ندی میں بلدیہ اتحاد ٹاؤن کا رہائشی اسامہ نامی نوجوان نہاتے ہوئے ڈوب گیا تھا، جس کی نعش چند گھنٹوں بعد برآمد ہوئی۔ہاکس بے، سینڈز پٹ کے ساحل پر گذشتہ روز دو نوجوان ریان اور حماد نہاتے ہوئے ڈوب گئے، بہادرآباد کے رہائشی ریان کی نعش گذشتہ روز جبکہ عائشہ منزل کے رہائشی حماد کی نعش آج صبح ہاکس بے کے ساحل سے ملی۔گزشتہ روز کینپ کے مقام پربھی ایک شخص نہاتے ہوئے ڈوب گیا تھا، جس کی تلاش جاری ہے جبکہ منوڑہ کے قریب ڈوبنے والے عظیم اقبال کی نعش تاحال نہیں مل سکی۔