راول ڈیم کے قریب سکول بس کو حادثہ، بچے بال بال بچ گئے

May 23, 2017

اسلام آباد (صباح نیوز) راول ڈیم کے قریب جی سیون ٹو سکول کی بس کو حادثہ، بس سڑک کے ساتھ رکھے گئے کنکریٹ کے بلاکس توڑتی ہوئی گرین بیلٹ میں گھس گئی۔ بس میں 45 کے قریب بچے سوار تھے۔ بچے محفوظ رہے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز صبح پونے آٹھ بجے جی سیون ٹو کمپری ہنسیو سکول کی بس بھارہ کہو اور بری امام سے بچوں کو لے کر آ رہی تھی۔ جب راول ڈیم لیک ویو پوائنٹ کے پاس پہنچی تو ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا اور بارش کے باعث بس پھسل کر سڑک کے کنارے رکھے گئے کنکریٹ کے بلاکس کو توڑتی ہوئی گرین بیلٹ میں گھس گئی۔ بلاکس پر چڑھنے کے باعث بس کا ٹائی راڈ بھی ٹوٹ گیا۔ یہ بس وزیراعظم کے تعلیمی ریفارمز پروگرام کے تحت ایک ماہ پہلے خریدی گئی۔ بس ڈرائیور کا موقف ہے کہ بریکیں فیل ہو جانے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ تاہم ڈرائیور نے فوری طور پر کالج پرنسپل کو اطلاع دی جس کے بعد پرنسپل اور وائس پرنسپل موقع پر پہنچ گئے۔ حادثے کے بعد بچے شدید خوفزدہ ہو گئے اور انہوں نے چیخنا چلانا شروع کر دیا۔ تاہم کوئی بچہ زخمی نہیں ہوا۔

مزیدخبریں