نوازشریف نے بہت نیٹ پریکٹس کی 12 واں کھلاڑی بنا دیا : شرمندگی ہوئی : عمران

اسلام آباد+ پشاور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) نواز شریف نے بہت نیٹ پریکٹس کی لیکن انہیں میچ کھلایا نہیں گیا اور انہیں 12واں کھلاڑی بنا دیا گیا تاکہ وہ باہر بیٹھ کر تالیاں بجاتے رہیں۔ سنا ہے سعودی عرب میں منعقدہ کانفرنس میں پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے تقریر تیار کرنے میں 6 گھنٹے لگائے لیکن سعودی عرب میں کسی نے پاکستان کا نام نہیں لیا۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بنی گالہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ جیسا سلوک برتا گیا وہ شرمندگی کا باعث ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ کو پاکستانی وزیراعظم سے ملنے کا خیال آیا نہ ہی قربانیاں دینے والے پاکستان کی یاد آئی۔ جبکہ پاکستان نے امریکہ کی جنگ کے لیے 100 ارب ڈالر کا نقصان اور 70 ہزار پاکستانیوں کی جان کی قربانی دی۔ ٹرمپ نے بھارت کی بات کی مگر کشمیر کا نام نہیں لیا جبکہ بھارت کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے نواز شریف کو کشمیر میں بھارتی مظالم کی بات کرنا چاہیے تھی۔ وزیراعظم کانفرنس میں شریک تھے تو وہ پاکستانیوں کی بات ہی کر دیتے۔ وہ پاکستان کے وزیراعظم ہیں۔ نواز شریف کو ٹرمپ کی باتوں پر کوئی تو بیان دینا چاہیے تھا۔ نواز شریف پاکستان کی نمائندگی کر رہے تھے۔ انہیں چاہیے تھا کہ پارلیمنٹ میں ساری جماعتوں کی متفقہ قرارداد پیش کرتے اور کہتے پاکستان ایران کو الگ نہیں رکھنا چاہتا۔ ہم فریق نہیں ثالث بنیں گے۔ پاکستان کو ایران اور سعودی عرب کے درمیاں ثالث کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ہمیں مسلمان دنیا کو اکھٹا کرنا چاہیے۔ سپریم کورٹ نے کہہ دیا ہے پانامہ کیس کریمنل انوسٹی گیشن ہے۔ جس شخص کے خلاف کریمنل انوسٹی گیشن ہو وہ ملک کا وزیراعظم ہے جس طرح کی پاکستان کی خارجہ پالیسی ہے اس سے ملک کو نقصان ہو رہا ہے۔ نواز شریف کو اسی پر استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ پشاور سے بیورو رپورٹ کے مطابق پشاور صدر میں خیبر پی کے کی حکمران جماعت تحریک انصاف کے سوشل میڈیا سنٹر میں نامعلوم افراد نے توڑ پھوڑ کرتے ہوئے کیمرے، یو ایس بیز اور میموری کارڈز سمیت دیگر قیمتی سامان چوری کر لیا۔ مختلف زاویوں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔ تحری انصاف خیبر پی کے سوشل میڈیا سنٹر کے انچارج فرقان کاکا خیل نے نوائے وقت کو بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ کے احکامات کے بعد سوشل میڈیا ایکٹویسٹ کے خلاف کریک ڈاﺅن شروع ہے لیکن یہ بتانا قبل از وقت ہو گا کہ یہ توڑ پھوڑ اور چوری کس نے کی۔ اے ایف پی کے مطابق سائبر کرائم بل کے تحت اپنے کارکنوں کی گرفتاریوں پر تحریک انصاف حکومت کیخلاف قانونی کارروائی کرے گا۔ جبکہ کارکنوں کی گرفتاریوں کیخلاف پارٹی نے کراچی، کوئٹہ، اسلام میں مظاہرے کئے۔ پارٹی ترجمان فواد حسن چودھری نے بتایا پاکستان تحریک انصاف (موومنٹ فار جسٹس) کے تقریباً 23 سپورٹرز کو گرفتار کیا گیا۔ یہ پہلی دفعہ ہے کہ اس قانون کے تحت اپوزیشن کیخلاف کریک ڈا¶ن کیا جا رہا ہے۔ اس قانون کے تحت 2 افراد پر الزام لگایا گیا ہے جن میں سے ایک پر وزیراعظم کی طنزیہ تصویر شیئر کرنے والا بھی شامل ہے۔ ترجمان نے کہا ہمارے ایک کارکن کو کوئٹہ سے اسلام آباد آرمرڈ کار میں اغوا کر کے لایا گیا۔ دونوں کو حراساں کیا جا رہا ہے اور خوف پھیلایا جا رہا ہے۔ پارٹی اسلام آباد ہائیکورٹ میں حکومت کیخلاف مقدمہ دائر کرے گی۔ وزارت داخلہ نے ان مقدمات پر تبصرہ سے انکار کر دیا ہے۔
عمران خان

ای پیپر دی نیشن